دوستوں کی ایمانداری، 40 ہزار ڈالر مالک کو واپس

خاتون نے تینوں دوستوں کو ایک ہزار ڈالر کا انعام بھی دیا ہے

،تصویر کا ذریعہABC

،تصویر کا کیپشن

خاتون نے تینوں دوستوں کو ایک ہزار ڈالر کا انعام بھی دیا ہے

امریکہ کے شہر نیویارک میں تین دوستوں نے ایک پرانے صوفے سے ملنے والے 40 ہزار ڈالر اصل مالکن کو لوٹا دیے ہیں۔

تینوں دوستوں کیلی گاستی، رئس ورکاؤن اور لارا ریسو نے ایک دکان سے 20 ڈالر میں پرانا صوفہ خریدا تھا اور جب اسے اپنے فلیٹ پر لائے تو اس میں چھپائے گئے ڈالروں کے کئی لفافے برآمد ہوئے۔

اس پر تینوں دوستوں نے صوفے کی مالکن کا کھوج لگا کر اس کو 40 ہزار ڈالر واپس کر دیے۔

بلاگ دی لٹل ربیلیئن میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق اس رقم کی مالکن ایک عمر رسیدہ بیوہ خاتون تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے صوفے کو اس وقت فروخت کر دیا تھا جب وہ ہسپتال میں سرجری کے لیے زیرعلاج تھیں۔ خاتون کے مطابق ان کی بیٹی کو صوفے میں رکھی گئی رقم کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔

اس خاتون نے تینوں دوستوں کو ایک ہزار ڈالر بطورِ انعام دیے ہیں۔

نیویارک کے شمالی حصے میں رہائش پذیر تینوں دوستوں نے سی بی ایس براڈکاسٹ کو بتایا کہ خاتون نے نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست کی تھی۔

خاتون کے مطابق کئی سالوں سے وہ رقم اس صوفے میں جمع کر رہی تھیں اور یہ ان کی عمر بھر کی کمائی تھی۔

خاتون کے مطابق: ’میرا خاوند اوپر سےمجھے دیکھ رہا تھا اور یہ تو ہونا ہی تھا۔‘