برطانیہ میں پورا گاؤں برائے فروخت

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بینتھم میں 40 مکانات، ایک شراب خانہ، دکان اور ایک چھوٹی بندرگاہ بھی ہے

برطانیہ کے جنوب مغربی علاقے ڈیون شائر میں ایک ساحلی گاؤں کے مالک نے پورے گاؤں کو ایک کروڑ 15 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 750 ایکڑ پر مشتمل بینتھم نامی گاؤں میں 40 مکانات، ایک شراب خانہ، دکان اور ایک چھوٹی بندرگاہ بھی شامل ہے۔

گاؤں کے مالک اور پراپرٹی ڈیلر ایوینز اسٹیٹ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے خریداروں نے گاؤں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ایوینز اسٹیٹ کئی صدیوں سے ایک مقامی خاندان کے زیرِ انتظام ہے۔

یاد رہے کہ دیہاتیوں کو گذشتہ سال گاؤں کے مالک کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ گاؤں کو جلد ہی فروخت کر دیا جائے گا۔

مقامی لوگوں نے گاؤں کی فروخت کے فیصلے پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِنھیں اس بات کا علم نہیں ہے کہ نئے مالکان انھیں رہنے دیں گے یا نہیں اور کیا پتہ وہ اسے سیاحوں کے لیے کھول دیں۔

ایوینز اسٹیٹ کی مالکہ جل گوڈارڈ کے شوہر ٹونی گوڈارڈ کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ جو بھی بینتھم کو خریدے گا وہ اس کی روایات کا خیال رکھے گا اور سیاحوں کے لیے اسے بند رکھے گا۔

ایک مقامی کرایے دار مایا پلاس کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ گاؤں کو نیشنل ٹرسٹ خرید لے گا۔

نیشنل ٹرسٹ برطانیہ کے تاریخی اور خوبصورت مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنے والا ادارہ ہے۔

نیشنل ٹرسٹ کو گذشتہ دنوں متعدد خطوط اور درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ گاؤں کو خرید لیں۔

ٹرسٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ انھیں اس بات کا علم ہے کہ گاؤں کی قیمت ایک کروڑ 15 لاکھ پاؤنڈ ہے اور اس رقم کا بندوبست کرنے کے لیے انھیں چندے اور عطیات کی ضرورت ہوگی۔