معمر ترین امریکی خاتون کی 115ویں سالگرہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ۔۔۔جرلین ٹالی گذشتہ سال مچھلیوں کے شکار کے دورے پر گئی تھیں

امریکہ میں 19ویں صدی میں پیدا ہونے والی سب سے عمر رسیدہ خاتون نے اپنی 115ویں سالگرہ منائی ہے۔

تحقیقاتی ادارے جرنٹالوجی کی مرتب کردہ فہرست کے مطابق 23 مئی 1899 میں پیدا ہونے والی جرلین ٹالی دنیا کی دوسری طویل العمر شخصیت ہیں۔

ادارے کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ عمر رسیدہ شخص جاپان کے میساؤ اکاوا ہیں۔

ڈیٹروئیٹ فری پریس نے جب جرلین ٹالی سے ان کی طویل زندگی گزارنے کے بعد میں پوچھا تو اس پر انھوں نے کہا کہ’ یہ سب خدا کے ہاتھ میں ہے اور میرے اختیار میں کچھ نہیں۔‘

انھوں نے اتوار کو مشی گن کے ایک چرچ میں اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ اپنی سالگرہ منانے کا پروگرام بنایا ہے۔

جارجیا کے علاقے مونٹروز میں پیدا ہونے والی جرلین ٹالی نے اپنے خاوند اور ایک بچے کے ساتھ سال 1935 میں مشی گن میں رہائش اختیار کر لی تھی۔

ٹالی کی 79 سالہ بیٹی تھیلما ہوللوے بھی ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں جبکہ اس خاندان کی تین نسلیں بھی قریب میں رہتی ہیں۔

ہوللوے اپنی والدہ کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔ گذشتہ سال ان کے مچھلیوں کے شکار کے دورے پر جانے سے ان کی اچھی صحت کا اندازہ ہوتا ہے۔

وہ اب بھی فریم کی مدد سے خود چہل قدمی کر سکتی ہیں۔

تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ دنوں تک زندہ رہنے والی فرد فرانس کی ژانی کیلمنٹ تھیں جنھوں نے چار اگست1997 کو 122 سال کی عمر میں وفات پائی۔

اسی بارے میں