کیلیفورنیا:سانتا باربرا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے چھ ہلاک

Image caption حملہ آور کو اس کی تباہ شدہ گاڑی میں مردہ حالت میں پایا گیا

امریکی ریاست کیلفورنیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کار سوار مسلح شخص نے فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاکتوں کا یہ واقعہ سانتا باربرا نامی شہر کے علاقے اسلا وسٹا میں جمعے کی شب پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا وہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سانتا باربرا کیمپس کے ساتھ واقع ہے اور یہاں کی دو تہائی آبادی طلبہ پر مشتمل ہے۔

جب فائرنگ جاری تھی تو یونیورسٹی اور پولیس کے حکام کی جانب سے عوام سے اپنی رہائش گاہوں میں رکنے کے اعلانات کیے گئے۔

سانتا باربرا پولیس کے شیرف بل براؤن نے کہا ہے کہ فائرنگ نو مختلف مقامات پر کی گئی اور اس دوران سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

Image caption پولیس نے فائرنگ کے واقعات کی ویڈیو فوٹیج حاصل کی ہے

حملہ آور کو اس کی تباہ شدہ گاڑی میں اس حالت میں مردہ پایا گیا کہ اس کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا یا فائرنگ کے بعد خود کو گولی مار لی۔

پولیس نے تاحال حملہ آور یا ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

شیرف براؤن نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم نے ان واقعات کی ویڈیو فوٹیج حاصل کر لی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس سے بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ قتلِ عام کا منظم واقعہ تھا۔‘

انھوں نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں اشارہ دیا کہ پولیس یوٹیوب پر موجود ’ایلیئٹ روجر کا انتقام‘ نامی ویڈیو سے آگاہ ہے جس میں ایک نوجوان کو خواتین کی بےرخی کی شکایت کرتے دکھایا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کالے رنگ کی بی ایم ڈبلیو گاڑی میں سوار تھا اور وہ تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے گلیوں میں لوگوں پر فائرنگ کر رہا تھا۔

اسی بارے میں