عمران خان کا یونیورسٹی چانسلر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

Image caption عمران خان آٹھ سال قبل بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بنے تھے

عمران خان نے پاکستان میں اپنی سیاسی مصروفیات کے باعث بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی سیاسی مصروفیات کی وجہ سے چانسلر کے عہدے کی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے۔

عمران خان نے آٹھ سال قبل بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

عمران خان نومبر 2014 میں اپنے عہدے سے علیحدہ ہوں گے۔

عمران خان دسمبر 2005 میں بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے پانچویں چانسلر بنے تھے۔ ان کے پیش رووں میں برطانوی وزیر اعظم ہیرلڈ ولسن بھی شامل ہیں۔

عمران خان بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے پہلے انٹرنیشنل چانسلر تھے۔

یونیورسٹی کے کچھ طلبا نے عمران خان کو چانسلر سے ہٹانے کی مہم شروع کی تھی لیکن وہ ان کوششوں میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔

عمران خان نے اپنے استعفے میں لکھا کہ یونیورسٹی کا پہلا انٹرنیشنل چانسلر بننا ان کے لیے اعزاز تھا اور آٹھ سال کا یہ عرصہ ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

اسی بارے میں