مصر: جمہوریت پسند کارکن کو 15 برس قید کی سزا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption علاء عبدالفتاح نے سنہ 2011 میں حسنی مبارک کے خلاف انقلاب میں اہم کردار ادا کیا تھا

مصر کی ایک عدالت نے ملک کے مقبول ترین جمہوریت پسند کارکن علاء عبدالفتاح کو 15 برس قید کی سزا سنائی ہے۔

ان پر غیر قانونی مظاہرے منعقد کرنے اور ایک پولیس افسر پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔

علاء عبدالفتاح نے سنہ 2011 میں حسنی مبارک کے خلاف انقلاب میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

یہ سزا ایسے وقت سنائی گئی ہے جب تین روز قبل ہی سابق فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی نے بطور صدر عہدہ سنبھالا ہے۔

جولائی 2013 میں سابق صدر مرسی کی فوج کے ہاتھوں معزولی کے بعد حکام نے اسلامی اور سیکیولر کارکنوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کیا تھا جس کے دوران سینکڑوں کارکن ہلاک ہوئے اور ہزاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

علاء عبدالفتاح کوگذشتہ برس نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا جب وہ بغیر اجازت کیے جانے والے مظاہروں کے خلاف بنائے گئے قانون کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

بدھ کو ان کی والدہ لیلیٰ صوئف نے بی بی سی کو بتایا کہ علاء عبدالفتاح کو عدالت اپنا موقف دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا ’علاء اور ان کے وکلا عدالت کے باہر تھے، انھیں اندر ہی نہیں جانے دیاگیا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption علاء کی والدہ لیلیٰ صوئف نے بی بی سی کو بتایا کہ عدالت نے علاء عبدالفتاح کو عدالت نے اپنا موقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی

انھوں نے مزید کہا کہ ’جج کے پاس کوئی توجیہہ نہیں ہے کہ وہ ملزم کی غیرموجودگی میں فیصلے سنائے۔ ہم ایک ایسے مقدمے کی توقع کرتے ہیں جس میں استغاثہ اور گواہ دونوں بات کریں۔

’مجھے لگتا ہے کہ مصر میں عدالتی نظام کا قانون اور انصاف کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان اس فیصلے کو چیلنج کرے گا۔

قاہرہ میں بی بی کی نامہ نگار اورلا گوئرن کا کہنا ہے کہ اتنی سخت سزا سے مصر میں جمہوریت اور اظہارِ رائے کی آزادی کے بارے میں خدشات جنم لیں گے۔

بی بی سی کی کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں علاء عبدالفتاح نے کہا تھا کہ حکام طویل عرصے سے انھیں جیل بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور حالیہ حکومت مبارک کی حکومت سے بھی بدتر ہے۔

نئے صدر السیسی نے مئی میں ہونے والے انتخابات میں 96 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے، گو کے ٹرن آوٹ 50 فیصد سے بھی کم تھا کیونکہ اخوان المسلمین اور سیکولر جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

اسی بارے میں