چین: پانڈا ورلڈ کپ کی پیشنگوئیاں نہیں کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption چین میں ان پینڈا کی جانب سے پیش گوئیوں کا سوشل میڈیا پر بے تابی سے انتظار ہو رہا تھا

چین میں ایک چڑیا گھر نے چھوٹی عمر کے پانڈا کی مدد سے فٹبال کے عالمی کپ کے میچوں کی پیشنگوئی کروانے کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔

ان پانڈا کو مختلف ممالک کے جھنڈوں سے آراستہ ٹوکریوں میں سے کھانے کی اشیا چننے کی تربیت دی گئی تھی جس سے جیتنے والی ٹیموں کی پیشنگوئی ہو سکے۔

تاہم ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے چند لمحے قبل ہی چینگڈو تحقیقاتی چڑیا گھر نے اس عمل کو روک دیا۔

جانوروں سے فٹبال میچوں کی پیشنگوئی کروانا چڑیا گھروں اور دیگر تنظیموں کی تشہیر کے لیے اب ایک معمول کی بات ہے۔

اس کی سب سے مشہور مثال پال نامی آکٹوپس تھا جس نے گذشتہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک درست پیشنگوئیاں کی تھیں۔

اس سال بہت سے مختلف جانوروں کو پال کا وارث بتایا جا رہا ہے۔

چین میں ان پانڈا کی جانب سے پیشنگوئیوں کا سوشل میڈیا پر بے تابی سے انتظار ہو رہا تھا۔

تاہم جمعرات کو چینگڈو تحقیقاتی چڑیا گھر نے کہا کہ انھیں اس عمل سے روک دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ’پیشنگوئیاں کروانے کے عمل پر حکام نے پابندی لگا دی ہے۔‘

تاہم چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے چڑیا گھر کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ حکام نے انھیں ایسا کرنے سے نہیں روکا۔ ترجمان کا کہنا تھا چڑیا گھر نے یہ عمل اس لیے روکا ہے کیونکہ اس دوران پانڈا کے بچوں کو انسانوں کے ساتھ حد سے زیادہ تعامل کرنا پڑے گا۔

اسی بارے میں