یوکرین: لوہانسک میں باغیوں نے فوجی طیارہ مار گرایا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption وزرات نے بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے

یوکرین میں حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں نےاس کا ایک فوجی جہاز مارگرایا ہے۔

یوکرین کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس کا Il-76 ٹرانسپورٹ طیارہ مشرقی شہر لوہانسک میں طیارہ شکن گولہ باری کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم ابھی حتمی تعداد معمول نہیں ہے۔ فوجی حکام کا اندازہ ہے کہ اس جہاز میں کم سے کم 49 افراد سوار تھے۔

یہ جہاز فوجی ساز و سامان اور فوجی اہلکاروں کو لے کر جا رہا تھا اور یہ شہر کے ہوائی اڈے پر اترنے ہی والا تھا۔

وزراتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے ’دہشت گردوں‘ نے جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ہوائی اڈے پر اترنے کو تھا۔

وزرات نے بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

لوہانسک یوکرین کے مشرقی خطے کے ان دو شہروں میں سے ایک ہے جہاں روس نواز علیحدگی پسندوں نے دارالحکومت کیئف سے الگ خود مختاری کا اعلان کر رکھا ہے۔

یوکرین کی حکومت کی جانب ’انسداِ دہشت گردی‘ کے نام سے جاری کارروائی میں گذشتہ دو ماہ کے دوران کم سے کم 270 افراد مارے جا چکے ہیں۔

اسی بارے میں