فیفا: یادگاری ٹکٹیں فائنل سے قبل ہی چھپوا لیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گرافک ڈیزائنر لیتز مینزے کا کہنا ہے کہ اس یادگاری ٹکٹ پر کسی ایک کھلاڑی کو نہیں دکھایا گیا اور اس کا مقصد پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے

جرمنی نے برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے جشن میں یادگاری ٹکٹیں شائع کی ہیں۔ مگر یہ ٹکٹیں میچ کے بعد نہیں بلکہ پہلے ہی چھاپ لی گئی تھیں۔

یہ یادگاری ٹکٹیں چھاپنے کا فیصلہ جرمنی کی وزارت خزانہ نے کیا تھا۔

جرمنی کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وہ کافی پرامید تھے کہ جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ جیت جائے گی اور اسی لیے انھوں نے میچ سے قبل ہی پچاس لاکھ ٹکٹیں چھپوا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جرمنی کو شکست ہو جاتی تو 0.60 یوروز کی 50 لاکھ ٹکٹیں ضائع کرنی پڑتیں۔

’یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ جرمنی کی ٹیم نے میرے خواب کو پورا کیا۔ اور امید ہے کہ یہ ٹکٹ جرمنی کے لوگوں کو اس خوشی کی یاد دلائے گی جو ٹیم نے ہم سب کو دی ہے۔‘

ان یادگاری ٹکٹوں کی فروخت جمعرات سے شروع ہو گی۔ فروخت سے قبل یہ ٹکٹیں جرمنی کی ٹیم کے کوچ اور کھلاڑیوں کو پیش کی جائیں گی۔

گرافک ڈیزائنر لیتز مینزے نے جرمنی خبر راسں ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ اس یادگاری ٹکٹ پر کسی ایک کھلاڑی کو نہیں دکھایا گیا اور اس کا مقصد پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر ٹکٹ کی تیاری میں چھ ماہ لگتے ہیں لیکن ان کو اس وقت ٹکٹ کے ڈیزائن کرنے کے لیے رجوع کیا گیا جب فیفا ورلڈ کپ شروع ہو چکا تھا۔

یاد رہے کہ 214 فیفا ورلڈ کپ جرمنی کا چوتھا ورلڈ کپ ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل جرمنی 1954، 1974 اور 1990 میں جیتا تھا۔

اسی بارے میں