یوکرین تنازع، امریکہ کی روس پر مزید پابندیاں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption روس پر الزام ہے کہ وہ یوکرین میں باغیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے

امریکہ نے یوکرین کے معاملے پر روس کے خلاف پابندیوں میں اضافہ کرتے ہوئے اس کے بڑے بینکوں، دفاع اور توانائی کی کمپنیوں کو پابندیوں کا نشانہ بنایا ہے۔

جن کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہے ان میں گیز پروم بینک اور رومنیفٹ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض اعلیٰ روسی حکام اور مشرقی یوکرین کے ان علاقوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جنھوں نے خود کو باغی ظاہر کیا ہے۔

امریکہ نے روس کے خلاف پابندیوں میں بتدریج اضافہ کیا ہے جس کی وجہ اس کے بقول ماسکو کی یوکرین میں باغیوں کی پشت پناہی کرنا ہے۔

ادھر یورپی یونین نے بھی روس کے خلاف اپنی پابندیوں میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔

ای یو کے 28 ممالک کے رہنماؤں کے درمیان برسلز میں بات چیت ہو رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مشرقی یوکرین کے دو علاقوں دونیتسک اور لوہانسک نے خود مختاری کا اعلان کیا تھا

اس سے پہلے امریکہ کی جانب سے روس اور یوکرین کے چند افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

اس مرتبہ امریکہ نے اس فہرست میں ایک بڑی تیل بنانے والے کمپنی روزنیفٹ اور دو بڑے بینکوں گیزپروم بینک اور ونیشکونوم بینک کو شامل کیا ہے۔

اس کے علاوہ ہتھیار بنانے والی کمپنی کلاشنکوف کنسرن، اور دو خود ساختہ باغی علاقے عوامی جمہوریہ دونیتسک اور عوامی جمہوریہ لوہانسک بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

واشنگنٹن میں امریکہ صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں اس لیے عائد کی گئی ہیں کہ روس نے یوکرین میں جاری بحران کو کم کرنے کے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایک بڑی تیل بنانے والے کمپنی روزنیفٹ اور دو بڑے بینکوں گیزپروم بینک اور ونیشکونوم بینک کو شامل کیا ہے

صحافیوں سے بات کرتے ان کا کہنا تھا: ’یہ پابندیاں اہم ہیں لیکن یہ محضوص ہیں تاکہ یہ روس کے خلاف زیادہ سے زیادہ متاثر کن ثابت ہوں۔‘

براک اوباما نے یوکرین کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا: ’یوکرین کے لوگوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی قسمت میں تبدیلی کر سکیں۔‘

روس نے امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ انٹرا فیکس نیوز ایجنسی کے مطابق ڈپٹی وزیرِ خارجہ سرگے ریبکوف نے کہا ہے کہ روس اس حوالے سے اقدامات کرے گا ’جن پر واشنگٹن میں کافی تکلیف محسوس کی جائے گی۔‘

اسی بارے میں