الجزائر کے مسافر طیارے کا ملبہ مالی سے مل گیا

تصویر کے کاپی رائٹ swiftair
Image caption ایئر الجیریا کے مطابق AH 5017 طیارے کو سپین کی فضائی کمپنی سوفٹ ایئر کی جانب سے چارٹر کیا گیا تھا

الجزائر میں حکام کے مطابق قومی فضائی کمپنی ایئر الجیریا کے بورکینا فاسو سے دارالحکومت الجیئرز جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مالی سے مل گیا ہے۔

بورکینا فاسو کی فوج کا کہنا ہے کہ قومی فضائی کمپنی ایئر الجیئرز کا یہ طیارہ بورکینا کی سرحد سے 50 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔

حکام کے مطابق ایئر الجیئرز کی اس پرواز نے جمعرات کو خراب موسم میں جیسے ہی مالی کو عبور کیا اس سے رابطہ ختم ہو گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافر طیارے میں 116 مسافر سوار تھے جن میں 51 فرانسیسی شہری تھے۔

ایئر الجیریا کے مطابق AH 5017 طیارے کو سپین کی فضائی کمپنی سوفٹ ایئر کی جانب سے چارٹر کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بورکینا فاسو کی فوج کے جنرل گلبرٹ کا کہنا ہے کہ طیارے کو تلاش کرنے والے افراد کو جلے ہوئے انسانی اعضا اور جہاز کا ملبہ ملا ہے۔

اس سے قبل الجزائر کے اس مسافر طیارے کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ بورکینا فاسو سے دارالحکومت الجیئرز جاتے ہوئےگر کر تباہ ہو گیا تھا۔

ائیر الجیریا کے مطابق AH 5017 طیارے کو سپین کی فضائی کمپنی سوفٹ ایئر کی جانب سے چارٹر کیا گیا تھا۔

یہ طیارہ بورکینا فاسو کے دارالحکومت واگا ڈوگو سے دارالحکومت الجیئرز کے لیے پرواز کر رہا تھا کہ پرواز کے 50 منٹ کے بعد اس سے رابطہ ختم ہو گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹ نے نائجر کے شہر نیامی میں کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے بتایا کہ اس نے طوفان کی وجہ سے اپنا راستہ تبدیل کیا تھا۔

بورکینا فاسو کے حکام کے مطابق طیارے پر سوار مسافروں میں 24 کا تعلق بورکینو فاسو سے تھا جبکہ آٹھ لبنانی، چار الجیریائی، دو لیگزم برگ کے شہری، ایک بیلجیئم کا شہری، ایک سوئس، ایک نائجیریئن، ایک کیمرون کا شہری، ایک یوکرینی اور ایک رومانیہ کا باشندہ تھا۔

بی بی سی کے مغربی افریقہ کے نامہ نگار ٹامس فیسی کا کہنا ہے کہ فرنسیسی مسافر اکثر اس فضائی راستے سے آتے جاتے ہیں۔

اس سے قبل ایئر الجیئرز کا بوئنگ 737 طیارہ چھ مارچ 2003 کو دارالحکومت الجیئرز کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار 102 افراد ہلاک ہو گئے اور صرف ایک شخص بچ پایا تھا۔

گذ شتہ کچھ دنوں میں دنیا بھر میں طیارے گرنے اور حادثات کا شکار ہونے کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہوئے ہیں۔

گذ شتہ ہفتے ملائیشیا کا طیارہ ایم ایچ 17 مشرقی یوکرین میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بدھ کو تائیوان کے مغربی ساحل کے ایک جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیاجس کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے۔

اسی بارے میں