روس کا یورپی کمپنیوں کےلیے فضائی حدود بند کرنے پر غور

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

امریکہ اور یورپی ممالک کے جہازوں کو روسی فضائی حدود سے پروازوں پر پابندی کے امکانات کی وجہ بڑی ہوائی کمپنیوں نے متبادل فضائی راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

امریکہ کی ڈیلٹا ایئرلائن نے کہا ہے کہ اگر روس نے اپنی فضائی حدود سے امریکی جہازوں کے گزرنے پر پابندی عائد کی تو وہ متبادل روٹ اختیار کر سکتی ہے اور اس نے پہلے ہی نئے روٹوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

روس یوکرائن کی فضائی حدور سے گزرنے والے ملائیشین ایئر لائن کے طیارے کو مارگرائے جانے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد یورپی اور امریکی جہازوں کی روسی فضائی حدود سے گزرنے پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہا ہے۔

ڈیلٹا ایئرلائنز نے کہا ہے کہ اگر سائبیریا کی فضائی حدود سے پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تو اس کی بارہ سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔

ڈیلٹا پہلی ہوائی کمپنی ہے جس نے اعلان کیا ہے کہ وہ متبادل فضائی راستوں پر غور کر رہی ہے۔

ڈیلٹا نے ایک بیان میں کہا کہ وہ عالمی فضائی کمپنی ہونے کے ناطے ہمیشہ عالمی سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ فضائی راستوں کا انتخاب کرتی ہے۔ ’ڈیلٹا روسی سائبریا کے فضائی حدود کے بند ہونے کی صورت میں فوراً متبادل راستے اختیار کرے گی۔‘

روس کی طرف سے یورپی اور امریکی ہوائی کمپنیوں کو اپنی فضائی حدور میں پابندی کے امکانات کی وجہ سے ہوائی کمپنیوں کے شیئیرز میں کمی واقع ہوئی ہے۔