عراق: کرکوک میں تین دھماکے، 18 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دھماکے سے جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی

شمالی عراق کے شہر کرکوک میں یکے بعد دیگرے ہونے والے تین دھماکوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دو بم دھماکے سکیورٹی فورسز کی زیرِ تعمیر شناختی چوکیوں کے قریب ہوئے جبکہ تیسرا دھماکہ ایک بازار کے داخلی دروازے پر ہوا۔

مقامی کرد میڈیا کے مطابق سنیچر کو ہونے والے دھماکوں کے ہلاک شدگان میں کرد سکیورٹی فورس پیش مرگا کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایک دھماکہ عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل میں بھی ہوا ہے۔

کردوں نے تیل کی دولت سے مالامال کرکوک شہر کا انتظام رواں برس جون میں اس وقت سنبھالا تھا جب دولتِ اسلامیہ کی پیش قدمی کے بعد عراقی فوج یہ شہر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔

تاحال کسی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس کا شبہ دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کرد پیش مرگا شمالی عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔

دولتِ اسلامیہ نے شمالی عراق کے پانچ صوبوں کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

اسی بارے میں