جنوبی سوڈان: اقوامِ متحدہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنوبی سوڈان میں فوج اور باغی افواج کے درمیان جاری لڑائی میں رواں برس ہزاروں افردا مارے جا چکے ہیں

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان میں اس کا ایک کارگو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اسے مار گرایا گیا ہے۔

جنوبی سوڈان میں واقع اقوامِ متحدہ کے مشن کے مطابق حادثے کے نتیجے میں عملے کے تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ ایم آئی-ایٹ نامی اس ہیلی کاپٹر کو بظاہر مار گرایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی سوڈان میں فوج اور باغی افواج کے درمیان جاری لڑائی میں رواں برس ہزاروں افردا مارے جا چکے ہیں۔

تیل کے وسائل سے مالا مال جنوبی سوڈان کے دارالحکومت بینتيو پر فریقین نے کئی بار حق کا دعوی کیا ہے لیکن فی الحال وہاں جنگ بندی معاہدہ قائم ہے۔

پیر کو دونوں فریقوں کو ایک مشترکہ حکومت بنانے کے لیے 45 دن کا وقت دیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایک حکومتی اہلکار نے ہیلی کاپٹر کو گرانے کا الزام باغی کمانڈر پیٹر پر عائد کیا تاہم ان کی افواج نے ابھی تک اس بارے میں کوئی تصبرہ نہیں کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے جنوبی سوڈان میں گذشتہ سال دسمبر سے شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں اپنے گھروں کو چھوڑ کر بھاگنے والے 1.8 ملین افراد کو خوراک مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اسی بارے میں