73 سالہ سرجن کا انگلش چینل عبورکرنے کا ریکارڈ
انگلش چینل کی براہ راست لمبائی 34 کلومیٹر ہے، لیکن لہروں کی وجہ اسے پار کرنا کسی بھی تیراک کے لیے مشکل امر ہے
جس عمر میں عام طور پر لوگ معذور ہونے لگتے ہیں اس عمر میں جنوبی افریقہ کے ایک ڈاکٹر نے سمندری گزر گاہ انگلش چینل کو تیر کر پار کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے 73 سالہ ہارٹ سرجن اوٹو تھاننگ نے سب سے زیادہ عمر میں انگلش چینل پار کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔
انھوں نے پہلی بار سنہ 1994 میں برطانیہ سے فرانس کے درمیان سمندری گزر گاہ انگلش چینل کے 40 کلومیٹر کے فاصلے کو تیر کر عبور کیا تھا۔
تھاننگ نے کہا کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ اگر معمر افراد اپنی صحت کی بہتر دیکھ بھال کریں تو وہ بھی اس طرح کے کارنامے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انھوں نے آسٹریلوی تیراک سائرل بالڈوک کا ایک ماہ قبل ہی قائم کردہ ریکارڈ کو توڑ دیا۔ بالڈوک نے ایک ماہ ماہ قبل اپنے 71 ویں سالگرہ سے تین ماہ پہلے انگلش چینل عبور کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
تھاننگ کا کہنا تھا کہ پانی کا درجہ حرارت تیرنے میں ایک بڑا مسئلہ نظر آرہا تھا اور شروع میں ان کے پاؤں میں سكڑن آ گئی تھی۔
انھوں نے کہا: ’میری خواہش تھی کہ میں اس تصور کو پیش کروں کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے افراد بھی اگر اچھی طرح اپنی دیکھ بھال کریں تو وہ اس قسم کے مشکل کام انجام دے سکتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’سب سے بڑا مسئلہ پانی کے درجۂ حرارت سے ہم آہنگ ہونا ہوتا ہے کیونکہ پانی ٹھنڈا تھا۔ اوسطاً ہمیں 18 ڈگری سنٹی گریڈ درجۂ حرارت ملا جو ہمارے لیے بطور خاص معاون ثابت ہوا کیونکہ ایسے موسم میں چینل کا پانی نسبتا زیادہ ٹھنڈا ہوتا ہے۔‘
اگرچہ انگلش چینل کی براہ راست لمبائی 34 کلومیٹر ہے، لیکن لہروں کی وجہ اسے پار کرنا کسی بھی تیراک کے لیے مشکل امر ہے اور لہروں کی وجہ سے یہ دوری 40 کلو میٹر سے کم نہیں ہوتی۔