’دنیا دولتِ اسلامیہ کو پھیلتے نہیں دیکھ سکتی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جان کیرے کے اس دورے کا مقصد دولتِ اسلامیہ کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی تعاون بڑھانا ہے

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے عراق میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ دنیا دولتِ اسلامیہ کی ’برائی‘ کو پھیلتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی۔

جان کیری نے مشرق وسطیٰ کے دورے میں کہا کہ دولتِ اسلامیہ عراقی عوام کو درپیش اب سب سے بڑا خطرہ ہے۔

دولتِ اسلامیہ ہے کیا؟

انھوں نے کہا دولتِ اسلامیہ کو شکست دینے کے لیے ایک عالمی منصوبہ بنایا جا ئے گا تاہم اس لڑائی میں عراق کی نئی حکومت کا کردار ایک انجن کا سا ہوگا۔

دولتِ اسلامیہ نے شمالی عراق کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے انھیں بعض سنّیوں کی حمایت حاصل ہے۔

اسی اثنا میں مشرقی بغداد میں سلسلہ وار کار بم دھماکوں میں کم سے کم 13 لوگ ہلاک ہو گئے۔ یہ دھماکے ایک منٹ کے وقفے سے ہوئے جن میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے مشرقِ وسطی کا دورے کا آغاز عراق کے غیر اعلانیہ دورے سے کیا۔ اس دورے کا مقصد دولتِ اسلامیہ کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی تعاون بڑھانا ہے۔

علاقائی طاقتوں کا رجحان

ایران: دولتِ اسلامیہ کے خلاف تعاون کا یقین تاہم امریکی فوجی کارروائی سے لا تعلقی کا اظہار۔

شام: بشار الاسد کی حکومت دولتِ اسلامیہ کی مخالف ہے لیکن امریکہ شامی باغیوں کی حمایت کرتا ہے۔

ترکی: دولتِ اسلامیہ کا مخالف لیکن جون میں موصل سے اغوا ہونے والے ترک سفارت کاروں اور ان کے خاندانوں کی خیریت کے پیش نظر حزبِ مخالف خاموش۔

سعودی عرب: اسلامی شدت پسندوں سمیت شامی باغیوں کا بڑا حمایتی تاہم دولتِ اسلامیہ کی براہِ راست حمایت سے انکاری۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امریکی وزیرِخارجہ نئے عراقی وزیرِ اعظم کی اصلاحات سے پر امید ہیں

انھوں نے عراق کے نئے وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات کی جنھوں نے دولتِ اسلامیہ کے ’کینسر‘ کو شکست دینے کے لیے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی تھی۔

جان کیری کے ملاقات کے بعد العبادی نے کہا: ’یقیناً ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کریں لیکن بین الاقوامی برادری بھی عراق کی تحفظ کے لیے ذمہ دار ہے۔‘

نئے شیعہ وزیر اعطم نے سنّیوں کے اختیارت میں اضافے اور وفاقی حکومت کی کُرد اقلیت سے تعلقات میں بہتری لانے کا وعدہ کیا ہے۔

امریکی وزیرِخارجہ نئے عراقی وزیرِ اعظم کی اصلاحات سے پر امید ہیں۔

جان کیری نے کہا ’ ایک نئی ہمہ گیر حکومت کو دولتِ اسلامیہ کے خلاف عالمی لڑائی کا انجن بننا ہو گا۔‘

عراق کے سابق شیعہ وزیرِ اعظم نوری المالکی پر الزام ہے کہ انھوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھایا اور سنیوں کو اقتدار سے الگ کر دیا اور کرد اقلیت کے مطالبات بھی پورے نہیں کر سکے۔

اسی بارے میں