’ایبولا ایڈز کے بعد سب سے بڑا چیلنج ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption لائبیریا کے دارالحکومت مونروویا میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ایبولا کے مرض میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر مقامی ملک کے سب سے بڑے ہسپتال میں چل بسا

امریکی محکمہ صحت کے اعلیٰ ترین افسر ٹامس فریڈن کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی یا ایڈز کی بیماری کے بعد مغربی افریقہ میں پھوٹنے والی بیماری ایبولا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ڈائریکٹر ٹامس فریڈن نے کہا کہ عالمی برادری کو اس بیماری پر قابو پانے کے لیے جلد اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ یہ بیماری ایڈز کی طرح نہ پھیل جائے۔

ورلڈ بینک کے فورم پر بات کرتے ہوئے فریڈن نے کہا کہ ایبولا سے اب تک مغربی افریقہ میں 3860 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 200 طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔

فریڈن کا کہنا تھا: ’میں گذشتہ 30 سال سے طب کے شعبے سے وابستہ ہوں اور اس عرصے میں اتنی سنگین صورتحال میں نے صرف ایڈز کے پھیلاؤ کے وقت دیکھی تھی۔‘

لائبیریا کے دارالحکومت مونروویا میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ایبولا کے مرض میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر مقامی ملک کے سب سے بڑے ہسپتال میں چل بسا۔

اس ڈاکٹر کے ساتھیوں نے بتایا کہ وہ جان ٹبن دادا لائبیریا کے سب سے بڑے ہسپتال جان ایف کینیڈی میموریل ہسپتال میں ڈاکٹر تھے۔

جان کی ہلاکت سے ایبولا سے مرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

اسی بارے میں