’طیاروں نے کرد جنگجوؤں کے لیے جنگی ساز و سامان گرایا‘

تصویر کے کاپی رائٹ US defence department
Image caption امریکہ نے دنیا بھر سے دولت اسلامیہ کے خلاف تعاون کی اپیل کر رکھی ہے

شام کے اہم شہر کوبانی میں امریکی جنگی طیاروں نے دولت اسلامیہ کے خلاف لڑنے والے کرد جنگجوؤں کے لیے اسلحہ، گولہ بارود اور طبی سازو سامان گرایا ہے۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ سی 130 سامان بردار طیارے نے کئی بار جنگی ساز و سامان گرایا ہے۔

اس سے قبل امریکی فضائی حملوں نے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو ترکی کی سرحد سے ملحق کوبانی شہر پر کنٹرول حاصل کرنے سے باز رکھا تھا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے امریکہ کا اہم حلیف ترکی ناراض ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کو طویل عرصے تک کرد ملیشیا پی کے کے کی جانب سے بغاوت کا سامنا رہا ہے جسے امریکہ بھی دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ کوبانی میں امریکی فضائیہ نے ابھی تک 135 بار سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں

دولت اسلامیہ نے شام اور عراق کے بڑے خطے پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے اور کوبانی پر کنٹرول حاصل کرنا ان کی عسکری حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس شہر میں کئی ہفتوں سے شدید جنگ جاری ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر شہری ترک وطن پر مجبور ہو گئے ہیں۔

امریکہ کی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’عراق میں کرد حکام کی جانب سے دیا جانے والا سازوسامان طیارے سے گرایا گیا ہے تاکہ دولت اسلامیہ کے خلاف کرد جنگجوؤں کی مزاحمت کو تقویت پہنچائی جا سکے۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کام کے لیے جتنے بھی طیارے روانہ کیے گئے تھے سب کے سب محفوظ واپس آ گئے ہیں۔

سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ کوبانی میں امریکی فضائیہ نے اب تک 135 بار سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption امریکہ کرد جنگجو گروپ پی کے کے کو دہشت گرد قراد دیتا ہے تاہم وہ دولت اسلامیہ کے خلاف لڑنے والے کردوں کے لیے جنگی سامان بہم پہنچا رہا ہے

تاہم انھوں نے تسلیم کیا ہے کہ ’دولت اسلامیہ کے جنگجو کردوں کے لیے بدستور خطرہ ہیں اور کوبانی اب بھی ان کے ہاتھوں میں جا سکتا ہے۔‘

اتوار کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا تھا کہ کہ وہ کرد جنگجوؤں کو امریکہ کی جانب سے اسلحہ دیے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترکی کردوں کو مسلح کرنے کی مخالفت کرتا رہا ہے کیونکہ وہ دولت اسلامیہ کی طرح ہی کردوں کو بھی دہشت گرد سمجھتا ہے۔

اسی بارے میں