کینیڈا: پولیس کو لاکر سے بچوں کی لاشیں ملیں

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس واقعے کو پولیس نے ’ناقابل یقین اور المناک‘ قرار دیا ہے

کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا کے دارالحکومت ونی پیگ میں پولس کو ایک سٹوریج لاکر سے کم از کم چار بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔

پولیس کو اس سلسلے میں پیر کو سٹوریج کمپنی کے ایک ملازم نے فون کیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے وہاں سے لاشوں کی باقیات برآمد کیں۔

ان نامعلوم لاشوں کی جانچ ابھی ہونی باقی ہے۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں بہت سے لوگوں سے بات چیت اور پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان لاشوں کا کسی ایسے بچے سے کوئی تعلق نہیں جس کی گمشدگی کی پولیس میں رپورٹ کی گئی ہو۔

پولیس ترجمان ایرک ہوفلی نے کینیڈا کے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ ’ناقابل یقین اور المناک‘ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یا تو یہ لاشیں نوزائیدہ بچوں کی ہیں یا ’کافی کم عمر بچوں‘ کی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں بہت سے لوگوں سے بات چیت اور پوچھ گچھ کر رہے ہیں

بچوں کی یہ باقیات وینی پگ کے یو ہال سٹوریج سے برآمد ہوئیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ باقیات لاکر میں کب سے موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق کینیڈا میں انسانی باقیات کا رکھنا یا چھپانا جرم ہے۔

ایرک ہوفلی نے کہا: ’جب تک ان لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر کے ان کی موت کے اسباب کا پتہ نہیں لگایا جاتا تب تک ہم اس بارے میں مکمل طور پر کچھ نہیں کہہ سکیں گے۔‘

اسی بارے میں