سوئٹزرلینڈ اور اٹلی میں طوفانی بارشوں میں چار افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption خطے میں تیز بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے اور دونوں ممالک کی حکومتوں نے متوقع سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے

جنوبی سوئٹزرلینڈ اور شمالی اٹلی میں طوفانی بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سوئس قصبے لیوگانو کے قریب اتوار کو ایک گھر پر مٹی کی دیوار گرنے سے دو خواتین ہلاک ہو گئیں۔ سوئس حکام کے مطابق ڈاویسکو سارانگنو گاؤں میں ہلاک ہونے والی ان خواتین کی عمریں 34 اور 38 سال تھیں۔

ادھر اٹلی میں ایک عمر رسیدہ شخص اور ان کی پوتی اس وقت ہلاک ہو گئے جب مٹی کا ایک بڑا تودہ ان کے گھر پر آن گرا۔

یہ ہلاکتیں اٹلی کے علاقے سیر ڈی لیوینو میں ہوئیں۔ ہلاک شدگان میں ایک 70 سالہ شخص اور ان کی 16 سالہ پوتی شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دریائے ٹیسینو کی سطح بلند ہو گئی ہے

اس کے علاوہ اٹلی میں ایک 44 سالہ شخص کو ملبے سے نکال کر بچا لیا گیا اور ہستپال منتقل کر دیا گیا۔

خطے میں تیز بارشوں کے جاری رہنے کا امکان ہے اور دونوں ممالک کی حکومتوں نے متوقع سیلاب کے بارے میں الرٹ جاری کیا ہے۔

تیز بارشوں کی وجہ سے لیوگانو اور میگیری جھیلوں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption لیوگانو اور میگیری جھیلوں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے

علاقے میں اتنی زیادہ بارش ہوئی ہے جو عموماً پورے سال میں بھی نہیں ہوتی۔

شمالی اٹلی میں ویگیوانو کے قریب دریائے ٹیسینو کی سطح بلند ہو گئی ہے اور پانی اس کے کناروں سے نکل کر باہر بہہ رہا ہے۔