’ایبولا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6928 ہو گئی‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption لائبیریا میں ایبولا سے 4181 افراد ہلاک ہوئے ہیں

عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ مغربی افریقہ میں ایبولا کی وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 6928 تک پہنچ گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے گذشتہ بدھ کو جاری کردہ ایبولا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے بعد سے اس میں 1000 سے زائد ہلاکتوں کا اضافہ دیکھا گیا ہے لیکن اس میں گذشتہ ہفتے ہونے والی وہ ہلاکتیں بھی شامل ہیں جن کی پہلے اطلاع نہیں دی گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایبولا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سے زیادہ اہم ایبولا کے انفیکشن سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ہے کیونکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وائرس کس طرح پھیل رہا ہے۔

لائبیریا میں ایبولا کے کیسز میں کمی ہو رہی ہے جبکہ سرائیلون میں اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گنی سرائیلون اور لائبیریا میں ایبولا کے 16000 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔

مالی نے ابیولا سے سات افراد کے ہلاک ہونے اور ایبولا کے تصدیق شدہ دس مریضوں کی اطلاع دی ہے۔

لائبیریا میں ایبولا سے 4181 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایبولا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں لائبیریا میں ہوئیں لیکن وہاں ایبولا کے کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ گنی میں ایبولا کی وبا ’قابو‘ میں ہے۔ یہ بیماری بہت تیزی سے سرائیلون میں پھیل رہی ہے جہاں پر 6802 ایبولا کیسز کی اطلاع ہے۔

نائجیریا اور سنیگال میں ایبولا کے کوئی کیس یا اس کی وجہ ہونے والی موت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

ایبولا وائرس ایبولا کے مریض کے جسم سے خارج ہونے والی محلول کے کسی دوسرے کو لگ جانے سے پھیلتا ہے۔ اس وجہ سے جو افراد ایبولا کے مریضوں کی تیمار داری کرتے ہیں انھیں ابیولا کا شکار ہونے کا زیادہ خطرہ رہتا ہے۔

اسی بارے میں