تیل کی قیمت کے دنیا پر سیاسی و معاشی اثرات

تصویر کے کاپی رائٹ r
Image caption عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا رحجان

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کافی دنوں سےگر رہی تھی اور تیل 60 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا تھا۔ مگر پیر کی صبح قیمتوں میں کچھ اضافے سے منڈی میں اعتماد بڑھا ہے اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ قیمتوں میں مزید کمی نہیں ہوگی۔

آخر قیمتوں میں مزید کمی کیوں نہیں ہوسکتی؟

کیونکہ قیمتیں کم کر نے کے پیچھے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے تجارتی مقاصد تھے سیاسی نہیں۔ جس کا مطلب ہے کہ وہ عملی تجارتی مقصد حاصل کرنے تک ہی قیمت نیچے رکھیں گے اور قیمتوں کو اپنے دشمنوں کے خلاف طویل مدتی جنگ کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کریں گے۔

انھوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں سرمایہ کاری کا گلا گھونٹنا چاہتے ہیں اور یہ تب ہی ممکن ہے جب قیمتیں کم ہوں۔ سعودی عرب کا خیال ہے کہ دیگر ممالک میں تیل کی پیداوار میں سرمایہ کاری کی وجہ سے منڈی میں اس کی حیثیت کمزور ہوئی ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی گرتی ہوئی مانگ کے باوجود سعودی عرب نے اپنی پیداوار میں کمی نہیں کی جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ اس کا مقصد عالمی پیداوار سے دس لاکھ بیرل یومیہ تیل کو ختم کرنا تھا جس کو وہ اضافی اور مہنگی پیداوار تصور کرتا ہے۔

اس ’مہنگی‘ پیداوار کے نتیجے میں دنیا بھر میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کے منافع میں کمی آئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption تیل کی قیمت میں کمی 2014 کا بڑا اقتصادی جھٹکا رہا ہے

تیل کی قیمت میں کمی 2014 کا بڑا اقتصادی جھٹکا رہا ہے اور آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں یہ دنیا کی معیشت پر اثر انداز ہوتا رہے گا۔

قیمتوں میں کمی کی وجہ سے روس کی معیشت مشکلات کا شکار ہے اور وہ مجبوراً چین کی مالی امداد لینے پر انحصار کر رہا ہے۔

کیوبا بھی امریکہ سے اپنے تعلقات بہتر کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ کیوبا کو علم ہے کہ وہ وینزویلا کی مالی امداد پر اب زیادہ دیر تک انحصار نہیں کر سکتا کیونکہ وینزویلا کی اپنی معیشت تیل سے وابستہ ہے۔

تیل کی قیمت میں کمی سے یورپ سمیت دنیا بھر میں صارفین کو تو فائدہ ہو رہا ہے مگر یہ اندازہ لگانا ابھی مشکل ہے کہ جو پیسہ لوگ بچا رہے ہیں وہ اسے کہیں اور خرچ کریں گے یا نہیں۔

نئے سال کے ابتدائی ہفتوں میں دنیا بھر کے مرکزی بینکرز کے لیے بحث کا سب سے بڑا موضوع یہ ہوگا کہ تیل کی قیمت میں کمی سے دنیا کی معیشت کو فائدہ ہوگا یا نقصان۔

اسی بارے میں