ترکی: قدیم شہر برائے فروخت

ترکی تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption کہا جاتا ہے کہ بارگیلیا شہر کا نام ایک یونانی ہیرو نے اپنے دوست کے نام پر رکھا تھا

ترکی میں جزیرہ نما شہر بوڈرم کے شمال میں واقع پانچویں صدی قبل مسیح کا قدیم شہر بارگیلیا جو ایک سیاحتی مرکز بھی ہے اب برائے فروخت ہے۔

برگن ویب سائٹ کے مطابق اس شہر کی فروخت کی تشہیر ایک ریئل اسٹیٹ ایجنسی بالکل ایک چھٹیاں منانے کے گھر کے طور پر کر رہی ہے اگرچہ اس جگہ پر کوئی عمارت بنانے پر پابندی ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ’بوگازیچی گاؤں کے قریب پہلے درجے کی آثارِ قدیمہ کی جگہ، جس کے سامنے برڈ ہیون لیک ہے اور جہاں سے سمندر اور جھیل کا مکمل نظاہرہ لیا جا سکتا ہے۔‘

اس کی قیمت 22 ملین ترک لیرا یا 9.6 ملین امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ لیکن جو یہ پیسہ خرچیں گے وہ اس میں سے جو کچھ بھی نکلے اس کے مالک ہوں گے۔ خیال ہے کہ یہاں ایک قدیم ایمفی تھیئٹر یا تماشاہ گاہ، ایک مندر اور بازنطینی دور کا قبرستان ہوا کرتا تھا۔

ماہرینِ آثارِ قدیمہ چاہتے ہیں کہ حکومت اس جگہ کو خرید لے تاکہ اس کی صحیح طریقے سے حفاظت کی جا سکے لیکن اس کے لیے فنڈنگ موجود نہیں۔

آثارِ قدیمہ کی انجمن کے بنور سیلیبی کہتے ہیں کہ ’ان جگہوں کے نجی ملکیت میں ہونے کی وجہ سے یہاں آثارِ قدیمہ کے کام میں رکاوٹ پڑتی ہے۔ تاہم کوئی شخص یا اشخاص جو اس جگہ کو خریدیں گے وہ یہاں کوئی تعمیراتی کام نہیں کر سکتے۔‘

اس جگہ سے کچھ یونانی روایات بھی منسلک ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یونانی دیو مالائی ہیرو بیلیروفون نے اس جگہ کا نام اپنے دوست بارگیلوس کے نام پر رکھا تھا جو پروں والے گھوڑے پیگاسس کی کک لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔

اسی بارے میں