پوڈکاسٹ ’سیریل‘ نے اپیل کا حق دلوا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption عدنان کو عمر قید اور تیس سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی

امریکہ میں 17 سال کی عمر میں اپنی گرل فرینڈ کو قتل کے مرتکب پائے جائے جانے والے عدنان سید کو اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہو گیا ہے۔

عدنان سید کی سزا کا معاملہ ایک پوڈکاسٹ پر پیش کیے جانے والے ’سیریل‘ نامی سلسلے کے منظر عام پر آنے کے بعد سے بہت مشہور ہو چکا ہے۔ پوڈ کاسٹ پر پیش کی جانی والی یہ سیریز رپورٹر سارہ کوئنگ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

اپنی اس سیریز میں سارہ کوئنگ کا مقصد یہ جاننا تھا کہ آیا عدنان سید کے مقدمے میں انھیں اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا گیا تھا یا نہیں اور آیا ان کے وکیل نے اپنے مؤکل کا صحیح دفاع کیا تھا یا نہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption رپورٹر سارہ کوئنگ (بائیں) نے عدنان سید کے مقدمے کے حوالے سے ہفتہ وار سیریز پوڈکاسٹ کرنا شروع کر دی

عدنان سید کو امریکی ریاست بالٹیمور کی ایک عدالت نے اپنی گرل فرینڈ کا گلا گھونٹ کر اسے ہلاک کرنے کا مرتکب پایا تھا۔ گرل فرینڈ کی موت کے وقت عدنان سید کے ساتھ ان کا رشتہ ختم ہو چکا تھا اور وہ عدنان کو چھوڑ چکی تھیں۔

عدنان کو عمر قید اور تیس سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔

اپیل کورٹ میں جانے سے پہلے عدنان سید نے عام عدالت میں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوئی، جس کے بعد انھوں نے جنوری 2014 میں اپیل کورٹ میں درخواست دے دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption عدنان سید کی والدہ شمیم سید اور ان کے بھائی یوسف

عدنان سید کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیل کورٹ کے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت مؤکل کی اپیل کو تسلیم کرتی ہے۔

اپیل کورٹ کے اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ اب عدنان سید کے وکیل نئے ثبوت پیش کر سکتے ہیں جس کے بعد عدنان کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔

نئے ثبوتوں میں یہ بات شامل ہوگی کہ عدنان سید کی ایک دوست آسیہ میکلین نے عین اس وقت انھیں ایک لائبریری میں دیکھا جس وقت کسی دوسرے مقام پر عدنان کی گرل فرینڈ کو قتل کیا گیا تھا۔

اپیل کورٹ میں عدنان سید کے مقدمہ کی دوبارہ سماعت کا حق اسی بنیاد پر دیا گیا تھا کہ ان کی پہلی وکیل نے عدالت میں یہ ثبوت پیش نہیں کیا تھا۔

’سیریل‘ نامی سلسلہ پوڈ کاسٹ پر اس قدر مقبول ہوا کہ اسے دو کروڑ دس لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ اور سٹریم کیا جا چکا ہے۔

سیریل کے سلسلے کا ایک دوسرا پوڈ کاسٹ اس سال منظر عام پر آ رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

اسی بارے میں