ڈیوڈ ہیل پاکستان کے لیے نئے امریکی سفیر نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ US EMBASSY
Image caption ڈیوڈ ہیل مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نے تجربہ کار سفارت کار ڈیوڈ ہیل کو پاکستان کے لیے امریکہ کا نیا سفیر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان منگل کو وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کیا گیا۔

55 سالہ ڈیوڈ ہیل اس وقت لبنان میں امریکہ کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

صدر اوباما کی جانب سے نامزدگی کے بعد اب ان کے نام کی امریکی سینیٹ سے توثیق ضروری ہے۔

نامزدگی کی منظوری کی صورت میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ کسی جنوبی ایشیائی ملک میں بطور سفیر تعینات ہوں گے۔

امریکی فارن سروس کے تجربہ کار رکن ہیل مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں سفارت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق وہ ماضی میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی کی ذمہ داریاں بھی ادا کر چکے ہیں۔

ہیل 2009 سے 2011 تک مشرقِ وسطیٰ کے لیے نائب ایلچی اور پھر 2011 سے 2013 تک خصوصی نمائندے رہے۔

اس کے بعد یکم اگست 2013 کو انھیں لبنان میں امریکی سفیر بنا کر بھیج دیا گیا تھا۔

اس وقت پاکستان میں امریکہ کے لیے سفارت کاری کے فرائض رچرڈ اولسن سرانجام دے رہے ہیں جنھوں نے 2012 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔