امریکہ: قومی سلامتی کے ادارے پر حملہ، ایک ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption این ایس اے کے ان دفاتر میں 40 ہزار افراد کام کرتے ہیں

امریکہ میں قومی سلامتی کے ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے گیٹ پر ہونے والی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

ایک نامعلوم عہدیدار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ایک کار نے واشنگٹن کے قریب واقع این ایس اے کے دفاتر کے گیٹ کو ٹکر مار کر توڑنے کی کوشش کی اور جب گیٹ نہ ٹوٹا تو اس میں سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔

جائے وقوع کی منظرِ عام پر آنے والی تصاویر میں پولیس کی کار اور ایک عام گاڑی کو کافی نقصان پہنچا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق دو افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایک عہدے دار نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ کار کے اندر موجود مردوں نے عورتوں کا لباس پہن رکھا تھا۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا جب کم از کم دو افراد نے واشنگٹن ڈی سی کے قریب فورٹ میڈ کی عمارت کے اندر کار لے جانے کی کوشش کی۔

این ایس اے نے ایک بیان میں کہا کہ ڈرائیور نے این ایس اے پولیس کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا تھا جس میں اسے کہا گیا تھا کہ وہ اس علاقے سے نکل جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ جب اس کار پر فائر کیا گیا تو یہ ایک پولیس کار سے جا ٹکرائی۔

بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ آیا این ایس اے کے اہلکاروں کے علاوہ کسی اور نے بھی فائر کیا تھا۔

خیال رہے کہ این ایس اے کے ان دفاتر میں 40 ہزار افراد کام کرتے ہیں۔

ہیلی کاپٹر سے فلمائی جانے والی فوٹیج میں این ایس اے کے گیٹ کے قریب دو تباہ شدہ کاروں اور بکھرے ہوئے ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی چیز کو سفید کپڑے سے ڈھانپا ہوا بھی ہے۔

مقامی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ ’این ایس اے کی اپنی پولیس ساری صورتحال سے نمٹ رہی ہے اور ہم صرف مطلوبہ مدد فراہم کر رہے ہیں۔‘

یاد رہے کہ اس ماہ کہ کے آغاز میں ایف بی آئی نے ایک قریبی شاہراہ سے این ایس اے کی عمارت پر فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔

اسی بارے میں