مافیا ڈان ’ڈامنیکو‘ کی سزا ختم

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ڈامنیکو رانکوڈور گزشتہ بیس برس سے لندن میں رہ رہے ہیں

اٹلی کے سزا یافتہ ایک مافیا ڈان جوگزشتہ بیس سال سے لندن میں رہ رہے تھے اور اٹلی نے ان کی حوالگی کا مطابہ کر رکھا تھا کی سزا ختم کر دی گئی ہے۔

ڈامنیکو رانکوڈور کو ایک اطالوئی عدالت نے سنہ 1999 میں ایک مجرمانہ تنظیم کے رکن ہونے کے جرم میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔

سنہ 2013 میں ان کو ایک فرضی نام مارک سکنر کے ساتھ لندن میں رہتے ہوئے پایا گیا تھا اور تب سے وہ اٹلی کی جانب سے اپنی حوالگی کے مطالبے کے خلاف مقدمہ لڑ رہے تھے۔

اٹلی کے سفارت خانے کے ترجمان ونسنضو سیلیستِ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ان کا کیس ختم ہوگیا تھا اور اب وہ مطلوب نہیں ہیں۔

سیلیستِ کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی سزا معاف نہیں کی گئی ہے لیکن اٹلی کے قانون کے مطابق جب سزا سے دوگنا وقت گزر جائے تو اس کو ختم سمجھا جاتا ہے۔

ڈامنیکو رانکوڈور جو پروفیسر کے نام سے جانے جاتے تھےسنہ 1993 ایک مقدمے سے بری ہونے کے بعد اپنے آبائی علاقے سیسلی سے اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ لندن منتقل ہوگئے تھے۔

لیکن 1994 میں ان کا نام دوبارہ انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں ڈال دیا گیا تھا۔

مطلوب افراد کی فہرست میں نام دوبارہ شامل ہونے کے پانچ سال بعد ان کی غیر موجودگی میں عدالت نے ان کو مافیا سے وابسطہ ہونے کے جرم میں مجرم قرار دے کر سات سال کی سزا سنائی تھی۔

خیال رہے کہ رانکوڈور کی جب لندن میں شناخت ہوئی تو وہ اس وقت اپنے فرضی نام کے ساتھ ایک سفری کمپنی چلا رہے تھے۔

اسی بارے میں