روسی جنگی طیاروں کےخلاف برطانوی فضائیہ کی کارروائی

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب روسی طیاری برطانوی فضائی حدود کے قریب آئے ہوں

برطانوی وزاتِ دفاع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک کی فضائی حدود کے قریب دو روسی جہازوں کو روکنے کے لیے برطانوی جنگی جہازوں نے کارروائی کی ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب برطانیہ میں نیٹو افواج کی مشقیں جاری ہیں۔

ایک بیان میں وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ ’روسی جہازوں کے برطانوی فضائی حدود کے قریب آنے پر انھیں روکنے کے لیے ٹائفون جنگی جہازوں کو کارروائی کے لیے بھیجا گیا۔

بی بی سی کے دفاعی نامہ نگار جوناتھن بیل کے مطابق روکے جانے والے روسی طیارے بیئر بمبر ہیں۔ جوناتھن کے مطابق برطانوی جہازوں کی جانب سے روسی طیاروں کو روکنے سے پہلے ناروے کی فضائیہ ان کی نگرانی کر رہی تھی۔

وزاتِ دفاع نے واضع نہیں کیا ہے کہ ان طیاروں کو کہاں روکا گیا۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب روسی طیارے برطانوی فضائی حدود کے قریب آئے ہوں بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔

روسی وزاتِ دفاع نے ابھی تک اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن ماضی میں اس طرح کے واقعات کے بعد روس کا موقف رہا ہے کہ اس کے طیارے معمول کی پرواز پر تھے۔