برازیل کے فٹبال کلب میں فائرنگ، آٹھ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پولیس نے فٹبال کلب کا دفتر سیل کر دیا ہے

برازیل میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساؤپالو میں مقامی فٹبال کے آٹھ شائقین کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مقامی کلب کے حامیوں کو نامعلوم مسلح افراد نے اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ میچ کے لیے بینرز تیار کر رہے تھے۔

حملہ آواروں نے گولیاں چلانے سے قبل ان افراد کو سیدھے لیٹ جانے کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق امکان ہے کہ ان آٹھ افراد کو منشیات کے سلسلے میں گولیاں ماری گئی ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سینچر کی درمیانی شب تین مسلح افراد فٹبال کلب کی عارضی عمارت میں داخل ہوئے تھے۔

ساؤپالو پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی فٹبال کلب کے جرائم پیشہ گروہ سے تعلقات تھے اور یہ حالیہ قتل بھی فٹبال کی وجہ سے نہیں بلکہ منشیات کی سمگلنگ کے سبب کیا گیا ہے۔

تفتیش کرنے والے پولیس اہلکار نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ ’عینی شاہدین کی مدد سے ہم تحقیقات کر رہے ہیں اور ہمارے خیال میں یہ دشمنی کلب کی حمایت کرنے کی بنیاد پر نہیں ہے۔‘

برازیل میں فٹبال کے دوران پر تشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور کئی بڑھے شہروں میں شائقین نے فٹبال کلب پر جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

اسی بارے میں