دبئی میں محتاط ڈرائیوروں کے لیے نئی کاروں کا تحفہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات میں کمی کرنے میں مدد مل رہی ہے

ٹریفک قوانین کی پاسدار کرنے پر دبئی میں دو ڈرائیوروں کو نئی کاریں تحفے میں دی گئی ہیں۔

’گلف نیوز‘ کی ویب سائٹ کے مطابق مفت میں دی گئی یہ کاریں سفید یا ’وہائٹ پوائنٹ سکیم‘ کا نتیجہ ہیں جس کے تحت محتاط ڈرائیوروں کو تحائف دیے جاتے ہیں۔

اس سکیم کے تحت جو ڈرائیور سال بھر کسی بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتے ان کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا جاتا ہے۔ ہرسال دو کاروں سمیت دیگر انعام بھی دیے جاتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات میں کمی کرنے میں مدد مل رہی ہے اور ان کا ہدف ہے کہ سنہ 2020 تک سٹرک پر ہونے والے حادثوں میں اموات کی شرح صفر کر دی جائے۔

نئی کار انعام میں جیتنے والے محمد مبارک کا کہنا تھا کہ ’ ویسے تو کسی بھی سکیم کے بغیر ہی لوگوں کو قوانین کی پابندی کرنی چاہیے لیکن مجھے سفید پوائنٹ سکیم پسند ہے کیونکہ یہ قانون پر پابندی کرنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔‘

سنہ 2012 میں شروع ہونے والی اس اسکیم میں کل 15 سو افراد کو انعامات دیے جاتے ہیں لیکن ہر کسی کو کار انعام میں نہیں ملتی بلکہ دیگر دیے جانے والے انعامات میں گفٹ واؤچر اور ہوٹلوں میں مفت قیام شامل ہے۔

اس کے ساتھ تمام جیتنے والے افراد کو حتمی بونس کے طور پر 24 سفید پوائنٹ دیے جاتے ہیں، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ان پوائنٹس کو وہ ڈرائیونگ کی چھوٹی موٹی غلطیوں کو معاف کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

واضع رہے کہ نیوزی لینڈ کے کچھ علاقوں میں بھی پولیس نے اس قسم کی سکیم شروع کر رکھی ہے مگر وہاں انعام میں کاریں نہیں بلکہ سُپر مارکیٹ کے واؤچر دیے جاتے ہیں۔

اسی بارے میں