ایئر بیگ میں خرابی پر کروڑوں کاروں کی واپسی کا حکم

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption تاکاتا نے پہلے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ کاروں کو واپس لینے کی بات تسلیم کی تھی لیکن اب ان کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے

امریکہ میں حکام نے تقریباً تین کروڑ 40 لاکھ موٹر کاروں کو واپس لینے کا حکم دیا ہے۔

ان کاروں کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ ان کے ایئر بیگ کے نظام میں خرابی ہے اور اس کو بنانے والی کمپنی نے اس کا اعتراف کر لیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ صارفین سے کوئی چیز واپس لینے کی یہ اب تک کی سب سے بڑ ی واپسیوں میں سے ایک ہے اور خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑی واپسی ہے۔

واضح رہے کہ واپسی کا مطلب یہ ہے کہ کمپنی صارفین سے اپنی خراب مصنوعات واپس لے کر انھیں ٹھیک کرتی ہے اور پھر اسے صارف کو واپس کر دیتی ہے۔

امریکہ میں نقل و حمل کے سیکریٹری اینٹنی فوکس نے کہا: ’عوام کی حفاظت کے لیے آج ایک بڑا قدم اٹھایا جا رہا ہے تاکہ جتنی جلد ممکن ہو، ناقص ایئر بیگز کو محفوظ ایئر بیگز سے تبدیل کیا جا سکے اور سب سے زیادہ خطرناک ایئر بیگز کو پہلے بدلا جائے۔‘

خیال رہے کہ ان ایئر بیگز کو جاپان کی ایک کمپنی تاکاتا نے بنایا تھا۔ الزام ہے کہ اس کمپنی کے ناقص ايئر بیگز کے باعث کم از کم پانچ اموات ہو چکی ہیں اور ایک سو سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

ان میں سے بعض ایئر بیگ انتہائی قوت کے ساتھ پھٹے جس سے ڈرائیور اور اگلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے مسافر کو دھاتوں کے ٹکڑوں سے زخم آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جاپانی کمپنی کا یہ ایئر بيگ نظام کسی حادثے کی صورت میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے گاڑیوں میں لگایا جاتا ہے

خبررساں ادارے اے پی کے مطابق نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی کے منتظم مارک روزن کائنڈ نے کہا: ’ہمیں یہ علم ہے کہ (ان کاروں کے) مالکان اپنی اور اپنے اہل خانہ کی سلامتی کے بارے میں پریشان ہیں اور یہ امریکہ کی تاریخ میں شاید سب سے زیادہ پیچیدہ واپسی کا اعلان ہے۔‘

یہ مسئلہ گذشتہ سال سے جاری ہے جب امریکہ میں سیفٹی کے ضابطہ کار اور تاکاتا کمپنی کے درمیان ایئر بیگ کو ناقص قرار دینے کے بارے میں تنازع اٹھ کھڑا ہوا تھا لیکن بعد میں کمپنی نے یہ تسلیم کیا تھا کہ ان کے ایئر بیگز میں خرابی ہے۔

عالمی پیمانے پر یہ پانچ کروڑ سے زیادہ موٹر گاڑیاں یہ ایئر بیگ استعمال کرتی ہیں اور مبصرین کا خیال ہے کہ اس اعلان کے بعد دوسرے ممالک میں بھی یہ بات اٹھے گی۔

اس سے قبل سنہ 1980 میں امریکہ میں فورڈ موٹرز نے خراب گیئر کی وجہ سے دو کروڑ سے زیادہ موٹر گاڑیوں اور ٹرکوں کو واپس بلایا تھا۔

اس اعلان کے بعد جاپان کے بازار حصص میں جاپانی کمپنی تاکاتا کے حصص کی قیمت میں تقریباً 12 فی صد کی گراوٹ درج کی گئی۔

خیال رہے کہ موٹر کاروں کی اس واپسی کے اعلان سے 11 کار بنانے والی کمپنیوں کی گاڑیاں واپس ہوں گی اور ان میں ہنڈا، ٹویوٹا اور نسان جیسی معروف کمپنیوں کی کاریں شامل ہیں۔

اسی بارے میں