لیمبرگینی اب بڑی کاریں بھی بنائے گی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption لیمبرگینی کو اٹلی کی حکومت سے نو کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ترغیبات اور ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے

لگژری کار کمپنی لیمبرگینی نے ایس یو وی (سپورٹس یوٹیلٹی ویئکل) یعنی بڑی گاڑیاں بنانے کی تصدیق کی ہے اور اٹلی میں اس قسم کی گاڑیاں بنانے کے لیے ایک معاہدہ بھی کر لیا ہے۔

لیمبرگینی ووکس ویگن کی ذیلی کمپنی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اٹلی نے یہ گاڑی بنانے کے لیے سلوواکیا سے بڑھ کر بولی لگائی تھی۔

اطلاعات کے مطابق لیمبرگینی کو اٹلی کی حکومت کی جانب سے نو کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ترغیبات اور ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے۔

لیمبرگینی کے اعلیٰ عہدے داروں نے اٹلی کے وزیر اعظم میٹیو رینزی کے ساتھ روم میں معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔

لیمبرگینی کا ’اُرس‘ نامی نیا ایس یو وی ماڈل سنہ 2012 میں ایک پروٹو ٹائپ کے طور پر متعارف کروایا گیا تھا اور امید ہے کہ یہ سال 2018 میں فروخت کے لیے تیار ہو جائے گا۔ توقع ہے کہ ہر سال ایسی تین ہزار گاڑیاں بنائی جائیں گی۔

اس سے لیمبرگینی کی پیداوار دگنی ہو جائے گی اور 500 مزید نوکریاں پیدا ہوں گی۔

دیگر کار کمپنیاں بھی ایس یو وی یا بڑی گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ دیکھ کر اس مارکیٹ کی طرف مائل ہو رہی ہیں۔

جنوری میں جیگوار لینڈ روور نے کہا تھا کہ وہ پہلی جیگوار ایس یو وی اپنی برطانیہ میں واقع فیکٹری میں بنائے گی۔

جبکہ فروری میں رولز رائس نے بھی، جو بی ایم ڈبلیو کی ملکیت ہے، ایس یو وی گاڑیاں بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اسی بارے میں