پیغمبرِ اسلام کے خاکے ٹی وی پر دکھائیں گے: گیرٹ وائلڈرز

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ’شدت پسندوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور ہمارے لیے نیدرلینڈز میں آزادیِ اظہار کتنا اہم ہے۔‘

ہالینڈ کے اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ وائلڈرز نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پیغمبر اسلام کے خاکوں کو مقامی ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گیرٹ وائلڈرز نے اس سے قبل کہا تھا کہ اس سنیچر کو پیغمرِ اسلام کے خاکے ٹی وی پر دکھائے جائیں گے تاہم انھیں نشر نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی سٹیشن کے ساتھ ایک غلط فہمی کی وجہ سے انھیں سنیچر کو اس وقت نشر نہیں کیا گیا جو وقت سیاسی جماعتوں کے لیے مختص کیاگیا تھا۔

یہ خاکے گذشتہ ماہ ڈیلس میں دکھائے گئے تھے جہاں دو مسلح افراد نے حملہ کر دیا تھا۔ وائلڈر اس ایونٹ میں مقررِ خاص کے طور پر شریک ہوئے تھے۔

ابتدا میں جب یہ خاکے ٹی وی پر نہیں دکھائے گئے تو وائلڈر نے انتہائی برہم انداز میں ٹوئیٹ کیے اور خاکوں کو سوشل میڈیا پر نشر کیا۔

ماضی میں وائلڈرز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’شدت پسندوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور ہمارے لیے نیدرلینڈز میں آزادیِ اظہار کتنا اہم ہے۔‘

پارٹی فار فریڈم (پی وی وی) کے سربراہ وائلڈرز کئی مرتبہ اسلام اور بڑے پیمانے پر مسلمانوں کےہالینڈ آنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں۔ وہ ہالینڈ میں قرآن پر پابندی لگانے کامطالبہ بھی کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ تین مئی کو امریکی شہر ڈیلس کے قریب کانفرنس سینٹر میں ہونے والی پیغمبر اسلام کے خاکوں کی نمائش پر حملہ کرنے والے دونوں مسلح افراد کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جبکہ ایک پولیس اہکار زخمی ہوا تھا۔

اس کانفرنس میں ایک مقابلہ بھی شامل تھا جس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں پر دس ہزار ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا۔

سنہ 2006 میں ڈنمارک کے ایک اخبار کی جانب سے پیغمبر اسلام کے طنزیہ خاکے شائع کرنے کےخلاف دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں