طلاق کے مسائل کو اجاگر کرنے کا انوکھا انداز

تصویر کے کاپی رائٹ

وہ قدم جو ایک خاوند کی جانب سے اپنی بےوفا بیوی سے انتقام کی انتہائی کوشش دکھائی دیتا ہے، وہ دراصل ایک جرمن قانونی فرم کی جانب سے اشتہاری مہم تھی۔

ایک ویڈیو میں ایک جرمن مرد مارٹن اپنی بیوی سے علیحدگی کے موقعے پر اپنی تمام اشیا کو بڑے اوزار کی مدد سے آدھا کاٹتا دکھائی دیتا ہے۔ اس ویڈیو کا عنوان ہے ’فار لورا‘ یعنی لورا کے لیے اور ویڈیو کے آغاز میں یہ لائن ظاہر ہوتی ہے: ’لورا، 12 خوبصورت برسوں کا شکریہ۔ تم حقیقت میں ہر آدھی چیز کی حق دار ہو۔‘

عالمی ذرائع ابلاغ نے اس ویڈیو کو اپنے چینلوں پرایک شوہر کے انتقام کی ایک انوکھی مثال کے طور پر نشر کیا۔ جن عالمی اداروں نے اس ویڈیو کو دکھایا ان میں فاکس نیوز، میش ایبل نامی سائٹ، رشیئن ٹی وی اور ایران کے پریس ٹی وی شامل ہیں۔

اس ویڈیو میں مارٹن نامی شخص مشینی آرے کی مدد سے اپنی تمام اشیا جن میں کار، صوفہ، ٹیلی ویژن، حتیٰ کہ موبائل فون کو بھی برابر کے دو حصوں میں کاٹتا ہوا نظر آتا ہے۔

اس ویڈیو کو یوٹیوب پر 60 لاکھ لوگوں نے دیکھا۔ مارٹن نے کچھ چیزوں کو جن میں اپنے آئی فون، سائیکل کو کاٹ کر آن لائن سائٹ ای بے پر فروخت کے لیے لگا دیا۔ آخر میں پتہ چلا کہ یہ ویڈیو جرمن بار ایسوسی ایشن کی معلوماتی ویب سائٹ ڈوئچے انوالتوسکنفت کی تخلیق تھی۔

وکلا کی اس تنظیم نے تسلیم کیا کہ تمام کہانی فرضی تھی اور اس ویڈیو کا مقصد مزاحیہ انداز میں مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے جو جوڑوں کو اس وقت پیش آتا ہے جب وہ علیحدگی اختیار کرتے ہیں۔

جرمنی میں طلاق کے معاملات اکثر عدالتوں میں پہنچ جاتے ہیں جس سے نہ صرف کاریں اور فرنیچر بلکہ بچے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں ہر اس شخص سے معذرت کی جس کو یہ ویڈیو بری لگی ہو، لیکن واضح کیا کہ اس کا مقصد طلاق کے قوانین کو اجاگر کرنا تھا۔

اسی بارے میں