یورو زون کا یونان کو بیل آؤٹ پیکج میں توسیع دینے سے انکار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور اس کو یورپی اتحاد میں رکھے جانے کی کوششوں میں یورپی یونین اور یونان کے کئی اجلاس ہوئے ہیں

یورو زون کے وزرائے خزانہ نے یونان کی جانب معاشی بحران سے نکلنے کے لیے دیےگئے بیل آؤٹ پیکج کی مدت میں 30 جون کے بعد تک توسیع کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

یورو گروپ کے سربراہ جیرون ڈیشیبلوم نے کہا کہ بیل آؤٹ پیکج کے بارے میں بات چیت جمعے کو شروع ہوئی جب یونان نے حیران کن طور پر دیوالیہ پن سے بچنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے رکھی گئیں شرائط کو ماننے کے بارے میں ریفرینڈم کرانے کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ یونان نے یہ اعلان کر کے بات چیت کے عمل کو ختم کر دیا تھا۔

یونان مالی بحران میں کیسے پھنس گیا؟

جیرون ڈیشیبلوم کے مطابق وزرائے خزانہ دوبارہ ملیں گے تاکہ نئے پیش آنے والے واقعات کے نتائج پر بات چیت کی جا سکے۔

ادھر عالمی مالیاتی ادارے، آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹینا لوگارٹ نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا ہے کہ یونان کی حکومت کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے ریفرنڈم کا منصوبہ منگل کے بعد سے غیر موثر ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ ان تجاویز اور انتظامات کے بارے میں ووٹ دیں گے جن کا وجود ہی نہیں رہے گا۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یونان کے لیے اب بھی موقع ہے کہ وہ یورو زون کی تجاویز تسلیم کرنے کے لیے اپنے ذہن کو بدلے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption یونان کا مجموعی قرض اُس کی مجموعی سالانہ قومی پیداوار کے دگنے کے لگ بھگ ہے

خیال رہے کہ یونان کو عالمی مالیاتی اداروں اور مشترکہ کرنسی یورو کے رکن ملکوں سے تقریباً سوا سات ارب یورو کے ہنگامی قرض کی ضرورت ہے۔

اگر جون کے اختتام سے پہلے یہ قرض نہ ملا تو یونان ڈیڑھ ارب یورو سے زیادہ مالیت کے پرانے قرض عالمی مالیاتی اداروں کو واپس ادا نہیں کر پائے گا۔

قرض کی ادائیگی میں ناکامی کا مطلب دیوالیہ پن ہو گا جس کے باعث یونان کو مشترکہ کرنسی سے خارج کر دیا جائے گا جو یورپی اتحاد سے اخراج پر بھی منتج ہو سکتا ہے۔

یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور اس کو یورپی اتحاد میں رکھے جانے کی کوششوں میں یورپی یونین اور یونان کے کئی اجلاس ہوئے ہیں۔

ان مذاکرات میں یونان نے امیروں اور کاروباری اداروں پر نئے ٹیکسوں سمیت سمجھوتے کے لیے نئی تجاویز پیش کی تھیں۔

یونان کا مجموعی قرض اُس کی مجموعی سالانہ قومی پیداوار کے دگنے کے لگ بھگ ہے اور ماہرین کے بقول اگر اُسے ادائیگی میں سہولت نہ ملی تو یونان کے لیے ہر کچھ عرصے بعد نئے قرضوں کے حصول کے چکر سے نکلنا مشکل ہو گا۔