لوئیزیانا میں سینما گھر میں فائرنگ سے دو ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایک عینی شاہد کے مطابق حملہ آور ایک عمر رسیدہ شخص تھا

امریکہ کی ریاست لوئیزیانا میں ایک سینما گھر میں ایک عمر رسیدہ شخص کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

لافایٹ نامی شہر میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں ایک مسلح شخص کی جانب سے حملے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق شام سات بجکر 20 منٹ پر موصول ہوئی۔

پولیس حکام کے پاس حملہ آور کی تفصیلات موجود ہیں تاہم پولیس چیف جم کرافٹ نے اپنے بیان میں صرف یہ بتایا ہے کہ 58 سالہ حملہ آور کے پاس ہینڈ گن تھی اور وہ پہلے کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔

پولیس چیف کے مطابق حملہ آور نے دو افراد کو قتل کرنے اور متعدد کو زخمی کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔

انھوں نے بتایا کہ سات افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

لافایٹ شہر کی آبادی ایک لاکھ 20 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح شخص نے سنیما کے بڑے ہال میں داخل ہو کر تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کی جس وقت وہاں فلم ’ٹرین ریک‘ چل رہی تھی۔

مقامی اخبار دی ایڈورٹائزر سے گفتگو کرتے ہوئے کیٹی ڈومنگو نے بتایا کہ جب زور سے آوازیں سنائیں دیں تو ہم نے سمجھا کہ یہ پٹاخوں کی آوازیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور بظاہر ایک ’عمر رسیدہ سفید فام ‘ تھے۔

بعد ازاں لوئیزیانا کے گورنر نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس صورتحال کا سامنا کریں گے اور یہ لافایٹ، لوئیزیانا اور امریکہ کے لیے ایک خوفناک رات ہے۔

اس حملے سے قبل صدر اوباما نے بی بی سی کو دیے گئے انٹریو میں تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے اپنے دور صدارت کے دوران گن کنٹرول قوانین پر سختی کرنے کی کوششیں کی لیکن وہ اس سے متعلق قوانین میں کوئی نمایاں تبدیلی لانے میں ناکام رہے۔

Image caption نائن الیون کی دہشت گردی کے بعد ہلاک ہونے والے امریکیوں کی تعداد100 سے بھی کم ہے اور اسلحے کے ذریعے ہونے والے تشدد میں مرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے: اوباما

سنیما گھر میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جولائی 2012 میں کلوریڈو کے ایک سنیما میں حملہ کرنے والے شخص کو سزائے موت دینے کے لیے متعلقہ جیوری غور کر رہی تھی۔

اس واقعے میں 27 سالہ جیمز ہولمز نے 12 افراد کو ہلاک اور 70 کو زخمی کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں ایک افریقن امریکن تاریخی گرجا گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم نو افراد کو ہلاکہو گئے تھے۔

اسی بارے میں