ترکی: خود کش حملے میں دو فوجی ہلاک، 31 زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ حملہ اگری صوبے میں دوگوبایزید شہر کے پاس ہوا جو ایران سے ملحق ترکی سرحد کے قریب واقع ہے

ترکی کے علاقائی گورنر کے دفتر کا کہنا ہے کہ کرد تنظیم ’پی کے کے‘ کے شدت پسندوں کے ایک خودکش حملے میں دو ترکی فوجی ہلاک جبکہ 31 زخمی ہو گئے ہیں۔

ترکی کے میڈیا کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرے ایک ٹریکٹر کو فوجی پولیس سٹیشن میں دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

یہ حملہ اگری صوبے میں دوگوبایزید شہر کے پاس ہوا جو ایران سے ملحق ترکی سرحد کے قریب واقع ہے۔

خیال رہے کہ ترکی نے 24 جولائی کے بعد سے عراق اور ترکی کی سرحد کے دونوں جانب کرد تنظیم پی کے کے کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔

ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے ہوا۔

ایجنسی کے مطابق خود کش بمبار نے ٹریکٹر پر موجود دو ٹن وزنی دھماکہ خیز مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 24 جولائی کے بعد سے ترکی نے عراق اور ترکی سرحد کے دونوں جانب ’پی کے کے‘ کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں

ترکی کے میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں ایک عمارت کو بری طرح متاثر دکھایا گیا ہے جس کی چھت تباہ ہو چکی ہے۔

علاقائی گورنر کے دفتر نے یہ نہیں بتایا کہ آخر اس حملے کے پیچھے ’پی کے کے‘ کے ملوث ہونے کی نشاندہی کیسے کی گئی جبکہ پی کے کے نے اس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ترکی کا کہنا ہے کہ یہ تنظیم گذشتہ ہفتے کے دوران کئی حملوں میں شامل تھی۔

جمعے کو ایک پولیس سٹیشن اور ایک ریلوے لائن پر ہونے والے حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 24 جولائی سے ہونے والے حملے میں اب تک 260 کرد جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں