ایئر شو حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد ’20 تک ہو سکتی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Nicola Allen
Image caption حادثے کے وقت تماشائیوں اور سائیکل سواروں کی بڑی تعداد موجود تھی

برطانیہ میں سسیکس پولیس کا کہنا ہے کہ شورہم میں ہوائی جہازوں کے شو میں ہونے والے حادثے میں ہلاک شدگان کی تعداد 20 تک پہنچ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ سنیچر کے روز شورہم ایئر شو کے دوران ایک ہاکر ہنٹر جیٹ اے 27 پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

جہاز کے ملبے سے مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سسیکس پولیس کے چیف کانسٹیبل سٹیوو بیری کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا تو قبل از وقت ہو گا لیکن اگر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہی رہے تو انھیں حیرت ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت تماشائیوں اور سائیکل سواروں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

مسٹر بیری کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت صرف اتنا بتا سکتے ہیں کہ ہلاک شدگان کی تعداد 20 سے کم ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ بتانا مشکل ہے کہ حادثے کے وقت کون کون وہاں موجود تھا اور یہ لوگ کہاں کہاں تھے۔

اے 27 سے جہاز کا ملبا ہٹانے کے لیے کرین جائے حادثہ تک پہنچنے والی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ایئر شوز کی حفاظتی ہدایات کے تناظر میں حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے گی۔

اسی بارے میں