مشرق وسطیٰ کے مغربی علاقوں میں گردوغبار کا طوفان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption قبرص میں بھی دس افراد کو سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے

مشرق وسطیٰ کے مغربی علاقوں میں گردوغبار کے طوفان کی وجہ سے درجنوں افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ حکام نے احتیاطی تدابیر کی واننگ جاری کی ہے۔

شام کے کئی علاقوں میں پیر سے شروع ہونے والا طوفان منگل کو ملک کے دیگر کئی علاقوں میں پھیل کیا۔

گردوغبار کے طوفان کی وجہ سے اسرائیل، لبنان، ترکی اور قبرص کے بعض علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption شام میں لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں

لبنان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ایک عمر رسیدہ شخص سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے 80 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

شامی میڈیا کے مطابق طوفان کی وجہ سے صوبہ ادلیب اور حما میں باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن روکنا پڑا ہے۔

شامی حکومت کے حامی ایک اخبار الوطن کے مطابق طوفان کی وجہ سے جنگی ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکے ہیں۔

Image caption لبنان کا دارالحکومت بیروت بھی طوفان سے متاثر ہوا ہے

شام کے سرکاری خبر رساں ادارے صنعا کے مطابق طوفان کی وجہ سے ملک کے مشرقی علاقوں سے ریت اڑ کر تمام خطے کو متاثر کر رہی ہے اور یہ صورتحال رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہ سکتی ہے۔

اسرائیل کی وزارتِ ماحولیات کی جانب سے جاری کیے جانے والے ہدایت نامے میں عمر رسیدہ افراد، دل اور سانس کے مریض، نوجوانوں اور حاملہ خواتین سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

قبرص میں بھی دس افراد کو سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں