پولیس سائرن کیا آواز پیدا کرتا ہے؟

Image caption پولیس نے بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے پر مقامی لوگوں سے معذرت کی ہے

پولیس کی گاڑی کا سائرن ’وو وو‘ یا ’نی ہا‘ کی آواز پیدا کرتا ہے، اس بحث کا فیصلہ کرنے کے لیے برطانیہ کے شہر سوِنڈن میں اپنی گاڑی کا سائرن بجانے والے پولیس افسران نے مقامی افراد سے معافی مانگ لی ہے۔

پولیس اہلکاروں نے ایک مقامی سکول کے دورے کے دوران سائرن بجایا تھا۔

سکول میں کام کرنے والی بیکی مکلیسٹن کا کہنا ہے کہ تمام عملہ اس بات پر متفق تھا کہ سائرن ’وو وو‘ کی آواز پیدا کرتا ہے لیکن طالبعلم بضد تھے کہ اس سے ’نی ہا‘ کی آواز آتی ہے۔

پولیس اہلکاروں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے خاصی دیر تک سائرن بجائے تھے اور اگر اس سے کسی شخص کو پریشانی ہوئی ہے تو وہ معافی کے خواستگار ہیں۔

واضح رہے کہ یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب اساتذہ بچوں کو ان اداروں کے بارے میں بتا رہے تھے جو عام لوگوں کی مدد اور حفاظت کرتے ہیں۔

پولیس اہلکار ایما ہیری مین کا کہنا ہے کہ سکول کے دورے کے دوران بچوں نے بحث شروع کر دی کہ سائرن کیا آواز نکالتا ہے۔

Image caption پولیس کے مطابق سکول کی پرنسپل نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا تھا کہ سائرن کی آواز ’واہ واہ‘ ہے

ایما نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا فیصلہ کرنے کے لیے ہم نے ’خاصی دیر تک سائرن بجائے۔‘

پولیس اہلکار کے مطابق سکول کی پرنسپل نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا تھا کہ سائرن کی آواز ’واہ واہ‘ ہے۔

لیکن جب اس سلسلے میں ووٹنگ کی گئی تو اکثریت کا کہنا تھا کہ یہ ’وو وو‘ کی آواز پیدا کرتا ہے۔

سکول اہلکار بیکی مکلیسٹن کے مطابق ووٹنگ کا نتیجہ ان کے لیے کچھ حیران کن تھا کیونکہ زیادہ تر طلبہ کا خیال تھا کہ یہ ’نی ہا‘ کی آواز پیدا کرتا ہے۔

’میں کہنا چاہوں گی کہ یہ میرے لیے خلاف توقع تھا، میرے خیال میں یہ واہ واہ کی آواز نکالتا ہے‘

دوسری جانب پولیس نے بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے پر مقامی لوگوں سے معذرت کی ہے۔

اسی بارے میں