’پیرس پر ایک دن کے لیے راہگیروں کا راج‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ہزاروں کی تعداد میں راہ گیر، سائیکل سوار اور رولر بلیڈ پہنے افراد علاقے میں دیکھے جا سکتے ہیں

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں اتوار کو ایک دن کے لیے گاڑیاں چلانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

یہ قدم دسمبر میں شہر میں منعقد ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس سے قبل علامتی طور پر اٹھایا گیا ہے۔

شہر کی میئر این ہیڈالگو کا کہنا ہے کہ وہ یہ دکھانا چاہتی ہیں کہ لوگ گاڑیوں کے بغیر بھی ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption شہر کے وسطی علاقے مقامی لوگوں کے ساتھ سیاحوں میں بھی بےحد مقبول ہیں اور عام طور پر یہاں گاڑیوں کا شدید رش ہوتا ہے

اتوار کو پیرس شہر کے تاریخی وسطی علاقے جن میں شانزے لیزے اور نوٹرڈیم اور ایفل ٹاور کے اردگرد کی سڑکیں شامل ہیں صرف پیدل چلنے والوں کے لیے کھلی ہیں۔

تقریباً ایک تہائی پیرس کو آج’ کار فری زون‘ قرار دیا گیا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی حد رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود کر دی گئی ہے۔

پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے کہا ہے کہ ’یہ ایک علامتی اقدام ہے کہ اچھی چیزوں کو کیسے قبول کیا جاتا ہے۔ ہم یقیناً گاڑیوں اور 24 گھنٹے کی آلودگی کے بغیر کام کر سکتے ہیں۔ ہمیں راہ گیروں کے لیے جگہ دوبارہ حاصل کرنی ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption پیرس میں گاڑی چلانے پر پابندی کا مقصد یقیناً دسمبر میں یہاں ہونے والی اقوامِ متحدہ کی کلائميٹ کانفرنس سے قبل پر فضا ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے

بی بی سی کے نامہ نگار ہیو سکوفیلڈ کے مطابق شہر کے وسطی علاقے مقامی لوگوں کے ساتھ سیاحوں میں بھی بےحد مقبول ہیں اور عام طور پر یہاں گاڑیوں کا شدید رش ہوتا ہے لیکن اتوار کو نقشہ مکمل طور پر بدل گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں راہ گیر، سائیکل سوار اور رولر بلیڈ پہنے افراد علاقے میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

Image caption فرانس میں ڈیزل سے چلنے والی گاڑیاں کافی مقبول ہیں اور پیرس میں فضائی آلودگی کا مسئلہ وقتاً فوقتاً سامنے آتا رہتا ہے

پیرس میں گاڑی چلانے پر پابندی کا مقصد یقیناً دسمبر میں یہاں ہونے والی اقوامِ متحدہ کی کلائميٹ کانفرنس سے قبل پر فضا ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے لیکن اس کے ساتھ ووکس ویگن کے سکینڈل کے منظرِعام پر آنے کے بعد اس کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ فرانس میں ڈیزل سے چلنے والی گاڑیاں کافی مقبول ہیں اور پیرس میں فضائی آلودگی کا مسئلہ وقتاً فوقتاً سامنے آتا رہتا ہے۔

اسی بارے میں