اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی پر امریکہ کا اظہارِ تشویش

تصویر کے کاپی رائٹ REUTERS

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد واقعات پر’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فون پر بات کی ہے۔

سنیچر کو غزہ پٹی، یروشیلم اور غرب اردن میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جان کیری نے فون کالز میں اپنے کلام اور عمل میں مروجہ نظام کو قائم رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انھوں نے امن و امان کے قیام کی کوششوں کے لیےمدد کی فراہمی کی پیش کش کی تاہم دونوں جانب سے تشدد کے آغاز کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا گیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پیغام دیا کہ ’وہ امید کرتے ہیں کہ پی اے (فلسطینی اتھارٹی) اپنی جھوٹی اشتعال انگیزی کو روکے گی، جو دہشت گردی کی حالیہ لہر کا باعث ہے۔‘

دوسری جانب صدر محمود عباس کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ محمود عباس نے جان کیری کو بتایا کہ کہ اسرائیل کو آبادکاروں کی ’اشتعال انگیزی‘ کو روکنا چاہیے، جو اسرائیلی فوج کی نگرانی میں کی جارہی ہے۔

اسی بارے میں