آفات سےنمٹنے کی گائیڈ مہنگےداموں فروخت

ٹوکیو بوسائی
Image caption کتاب کی لاکھوں کاپیاں مفت تقسیم کی جا چکی ہیں

جاپان کے شہر ٹوکیو میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے شائع کی جانے والی ایک رہنما کتاب اتنی مقبول ہوگئی ہے کہ کہ بہت سے لوگ اس کے کاغذی نسخے انٹرنیٹ پر منہ مانگے داموں بیچ رہے ہیں۔

ٹوکیو کے حکام کتاب کی مقبولیت پر تو خوش ہیں مگر انٹرنیب پر اس کی نیلامی سے ناخوش ہیں۔

جاپان کے اخبار یومییوری شمبن کے مطابق زرد رنگ کے سرورق کے ساتھ 340 صفحات پر مشتمل اس کتاب ’ٹوکیو بوسائی‘ (آفات سے نمٹنے کی تیاری) کی اب تک ساڑھے سات ملین کاپیاں ٹوکیو کے رہائشیوں میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں۔

ٹوکیو کے علاوہ اس کے اطراف میں رہنے والے لوگوں کی بھی اس کتاب میں دلچسپی بڑھ رہی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ روزانہ ٹوکیو کی مقامی حکومت کو ٹیلی فون کرکے یہ جاننے کی کوشش کر رہیں کہ مذکورہ کتاب کو کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Image caption ٹوکیو بوسائی نامی کتاب میں ایسے طریقے درج ہیں جن کی مدد سے قدرتی آفات کے نقصان کو کم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے

اخبار کے مطابق کچھ لوگوں نے اس کتاب کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر اپنے پاس موجود نسخوں کی نیلامی کی ویب سائٹس پر ’ہزاروں ین‘ میں بولی لگانا شروع کر دی ہے۔

یومییوری شمبن کے مطابق قدرتی آفات سے نمنٹے کی اس رہنما کتاب کے جس حصے نے لوگوں میں سب سے زیادہ تجسس بیدار کیا ہے وہ زلزلے، سیلاب، شدید برفباری، اور دہشت گرد حملے میں حفاطتی اقدامات کے طریقوں پر مشتمل ہے۔

حالانکہ اس میں میک گائیور کی طرز کے تخلیقی حل موجود نہیں ہیں لیکن اس میں یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ کس طرح سے عارضی طور پر غسل خانے میں پانی ذخیرہ کیا جاسکتاہے، کیسے ایک بیٹری کا سائز تبدیل کرکے اس کو مختلف آلات میں استعمال کیاجاسکتاہے، اور یہ کہ ایک پتلون سے تھیلا بھی بنایا جاسکتاہے۔

اس وقت یہ کتاب ٹوکیو کی شہری حکومت کی ویب سائٹ سے انگریزی اور جاپانی دونوں زبانوں مین ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ لیکن وہ لوگ جو اس کو کاغذی شکل میں حاصل کرناچاہتے ہیں، ان کے لیے ٹوکیو کی حکومت اسے اصل قیمت پر بیچنے پر غور کر رہی ہے۔

اسی بارے میں