فرانس میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، دس ہلاک

Image caption مقامی حکومت کے اہلکاروں کے مطابق حادثہ ’تیز رفتاری‘ کے باعث پیش آیا

فرانس کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک تیز رفتار ٹرین کے پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ ملک کے مشرقی شہر سٹراسبرگ کے قریب پیش آیا اور اس میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ فرانس کے قصبے ایکور شیم میں پیرس اور سٹراسبرگ کے درمیان چلائی جانے والی نئی ریل گاڑی کے آزمائشی ٹیسٹ کے دوران ہوا۔

مقامی حکومت کے اہلکاروں کے مطابق حادثہ ’تیز رفتاری‘ کے باعث پیش آیا۔

اہلکاروں کے مطابق ٹرین میں 49 افراد سوار تھے اور پٹری سے اترنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی اور وہ نہر میں جا گری۔

جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیموں نے جن میں غوطہ خور بھی شامل تھے امدادی کارروائیاں کیں اور بوگیوں میں پھنسے لوگوں کو نکالا۔

اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے قریبی ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پیرس، سٹراسبرگ آئی سپیڈ ٹرین لائن سروس اگلے برس سے باقاعدہ شروع ہونی ہے۔

اسی بارے میں