’رواں سال صرف دس ہزار پناہ گزین ہی کینیڈا آئیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption حکام کا کہنا ہے کہ آباد کاری میں تعطل کی وجہ حفاظتی خدشات نہیں ہیں

کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک صرف دس ہزار شامی پناہ گزینوں کی آباد کاری کرے گا جبکہ اس سے قبل کینیڈا نے اس سے دگنی تعداد کو بسانے کا وعدہ کیا تھا۔

تاہم حکومت کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سال فروری کے آخر تک مزید 15 ہزار شامی پناہ گزینوں کو لانے کے وعدے پر قائم ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کینیڈا کی جانب سے رواں سال کے آخر تک 25 ہزار پناہ گزینوں کی آباد کاری کا وعدہ کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق پناہ کے لیے جن لوگوں کی درخواست پر غور کیا جائے گا ان میں خاندان، خطرے کا شکار خواتین اور ہم جنس پرست مرد اور خواتین شامل ہیں۔

کینیڈا کے خبر رساں ادارے سی بی سی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آباد کاری صرف خواتین، بچوں، اور خاندانوں تک محدود کر دی جائے گی۔

ملک کی نو منتخب لبرل حکومت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں بسانے کا عہد کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آباد کاری میں تعطل کی وجہ حفاظتی خدشات نہیں ہیں۔

کینیڈا میں شامی پناہ گزینوں کی آباد کاری وزیر اعظم جسٹن ٹُروڈو کی انتخابی مہم کا اہم حصہ تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کینیڈا کی نو منتخب لبرل حکومت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں بسانے کا عہد کیا تھا

پناہ گزینوں اور شہریت کے کینیڈیئن وزیر جان میک کالم کا کہنا ہے کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ان کے سروں پر چھت ہو، اور انھیں صحیح سہارا ملے۔

’ان تمام چیزوں کو عملی جامہ پہنانے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اپنے دوستوں کو ملک میں لانے کے لیے اضافی وقت لینے میں ہمیں کوئی عار نہیں ہے۔‘

میک کالم کا کہنا ہے کہ شامی پناہ گزینوں کی نقل مکانی کے عمل کو سست کرنے کے حکومتی فیصلے کی وجہ پیرس میں ہونے والے حملے نہیں ہیں بلکہ نقل وحرکت میں حائل دشواریاں ہیں۔

کینیڈا میں بسائے جانے والے پناہ گزین نجی طور پر سپانسر بھی ہوں گے اور حکومت بھی انھیں لائے گی تاہم صرف وہی پناہ گزیں کینیڈا آ سکیں گے جو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں یا پھر ترکی کی حکومت کے پاس رجسٹرڈ ہوں گے۔

حکومتی اہلکاروں نے وعدہ کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی صحت اور سیکیورٹی کی ’جامع‘ جانچ پڑتال سمندر پار ہی کر لی جائے گی جبکہ فوجی اور نجی طیاروں کی مدد سے انھیں کینیڈا لایا جائے گا۔

پناہ گزینوں کی ’منزل‘ طے شدہ 36 شہر ہیں جن میں سے 12 صوبہ کیوبک میں واقع ہیں۔

اسی بارے میں