مصر: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مصر میں سنہ 2013 کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں

مصر میں سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم سے کم چار سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

یہ واقعہ دارالحکومت قاہرہ سے 35 کلومیٹر جنوب میں سقارہ علاقے میں رونما ہوا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور جب وہ ایک پولیس چیک پوائنٹ پر پہنچے تو انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

تفتیش کاروں کو جائے حادثہ کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔

فوری طور پرکسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا گيا ہے۔

میجر جنرل خالد شلابی نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے سنیچر کو ساڑھے چار ہزار سال پرانے سٹیپ اہرام کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی ہے۔

خیال رہے کہ مصر میں سنہ 2013 میں اسلام پسند رہنما محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کیے جانے کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔

زیادہ تر یہ حملے سینا کے علاقے میں ہوئے ہیں۔ جہاں کے جنگجوؤں نے شام اور عراق میں بہت سے علاقے پر قابض دولت اسلامیہ کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر رکھا ہے۔

اسی بارے میں