کرسمس پر پوپ کا پیغام: ’مادہ پرستی سے دور رہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption پوپ کا کہنا تھا کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کرسمس اپنے آپ کو دوبارہ سے کھوجنے کا وقت ہے کہ ہم کون ہیں؟

مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے دنیا میں میں بسنے والے 1.2 ارب رومن کیتھولک عسائیوں کو خبردار کیا ہے کہ کرسمس کے سالانہ مذہبی تہوار کے موقعے پر مال و دولت کے ’نشے‘ میں مست نہ رہیں۔

اُنھوں نے ’مہنگائی، لذت پرستی، مال و دولت اور اسراف‘ کی شکار دنیا میں زیادہ سادگی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پوپ نے سینٹ پیٹر بیسیلیکا میں تقریباً دس ہزار لوگوں کے سامنے کرسمس کی شام کی خوشیاں منائیں۔

جمعے کے روز وہ بعد میں سینٹ پیٹر چوک کی مرکزی بالکونی سے کرسمس کا روایتی خطاب کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کرسمس ’اپنے آپ کو دوبارہ سے کھوجنے کا وقت ہے کہ ہم کون ہیں۔‘

اُنھوں نے اپنے پیروکاروں سے حضرت عیسیٰ کی طرح سادگی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے: ’خدا کی طرف سے عطا کردہ صفات کے باوجود اُنھوں نے کُھرلی میں غربت میں جنم لیا تاکہ دوسروں کو سادگی کا درس ملے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption مذہبی تہوار کے موقع پر سکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا ہے

اُنھوں نے کہا کہ ’معاشرہ جو مہنگائی، لذت پرستی، مال و دولت، اصراف، دکھاوے اور خود پسندی میں ڈوبا ہوا ہے، اِس میں یہ بچہ ہمیں سادگی اختیار کرنے کا درس دیتا ہے، دوسرے الفاظ میں وہ راستہ جو متوازن، بااصول اور جو ضروری ہو، اُس کو دیکھنے اور اُس پر عمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

’بے حسی کے اِس دور میں ہمارا طرزِ زندگی پُرخلوص، درمندی کے احساسات سے لبریز، خدا ترس اور رحم دلانہ ہونا چاہیے۔‘

مذہبی تہوار کے موقعے پر سکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا ہے، پولیس ویٹیکن کے اردگرد کے علاقوں میں جگہ جگہ چیکنگ کر رہی ہے۔ چرچ میں داخل ہونے کے لیے ہر شخص کو میٹل ڈیٹیکٹر سے ہوکر گزرنا پڑ رہا ہے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 79 سالہ پوپ مذہبی تہوار کو اپنے دفتر میں گزارے گئے تین سالوں کی عکاسی کرکے منا رہے ہیں، جس میں رحم، خداترسی، ہمدردی اور انصاف شامل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 79 سالہ پوپ مذہبی تہوار کو اپنے دفتر میں گزارے گئے تین سالوں کی عکاسی کرکے منا رہے ہیں

اِس ہفتے کے اوائل میں ہونے والے نزلے کے اثرات کے باعث اُن کی آواز کبھی کبھار بھاری ہو جاتی تھی۔

اسی بارے میں