سٹار وارز: دی فورس اویکنز، امریکی باکس آفس کی کامیاب ترین فلم

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption گذشتہ ماہ ’سٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ عالمی باکس آفس پر کم ترین مدت میں ایک ارب ڈالر کمانے والی فلم بن گئی تھی

امریکہ کے ڈزنی سٹوڈیو کا کہنا ہے کہ ’سٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ شمالی امریکہ میں اب تک کی کامیاب ترین فلم بن گئی ہے۔

اس فلم نے ’اوتار‘ کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سٹار وارز 2015 میں برطانیہ کی سب سے ہٹ فلم

سٹار وارز کی نئی فلم کا شاندار آغاز اور ریکارڈ کمائی

ڈزنی کا کہنا ہے جے جے ابرامز کی فلم نے بدھ کی کمائی کے بعد 75 کروڑ پانچ لاکھ ڈالر کا کاروبار کرتے ہوئے ’اوتار‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عالمی سطح پر ’اوتار‘ اب بھی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم ہے۔

گذشتہ ماہ ’سٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ عالمی باکس آفس پر کم ترین مدت میں ایک ارب ڈالر کمانے والی فلم بن گئی تھی۔

اس فلم نے امریکہ میں کرسمس کے دن بھی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اس روز اس کی کمائی چار کروڑ 93 لاکھ تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ DisneyLucasfilm
Image caption سٹار واز سیریز کی حالیہ فلم سنیچر کو چین میں ریلیز ہورہی ہے

’سٹار وارز دا فورس اویکنز‘ نے امریکہ اور کینیڈا میں نمائش کی پہلی شب میں کمائی کا نیا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ پہلے دن اس فلم باکس آفس پر پانچ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا جو کہ گذشتہ ریکارڈ سے ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔

امریکہ اور کینیڈا کے علاوہ برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی 96 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ کما کر پہلے دن کاروبار کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔

سٹار واز سیریز کی حالیہ فلم سنیچر کو چین میں ریلیز ہورہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس سے فلم کو مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔

ہدایتکار جے جے ابرام کی اس فلم میں 1983 میں اس سیریز کی فلم ’ریٹرن آف جیڈائی‘ کے 30 برس بعد ایک انتہائی دور دراز کہکشاں کے حالات دکھائے گئے ہیں۔

’دی فورس اویکنز‘ میں فلم کے اصل اداکار دکھائی دیتے ہے جن میں ہیرسن فورڈ، کیری فشر اور مارک ہیمل شامل ہیں۔ اس فلم نے ناظرین کو برطانوی اداکار ڈیزی ریڈلی اور جان بوایگا سے بھی متعارف کرایا ہے۔

اسی بارے میں