فرانس میں برفانی تودہ گرنے سے تین ہلاکتیں

تصویر کے کاپی رائٹ Grard Fourgeaud Radio France
Image caption ریسکیو آپریشن میں عملے کے 60 اراکین نے حصہ لیا

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں الپائن سکینگ ریزورٹ میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں دو بچے اور یوکرین کا ایک سیاح ہلاک ہوگیا ہے۔

ہلاک ہونے والے بچوں کا تعلق فرانس سے ہی ہے جبکہ دو بچے اور ایک استاد شدید زخمی ہیں۔

حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کو ریسکیو اہلکاروں نے مدد فراہم کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ برفانی تودہ ایک گروپ پر آکر گرا۔

مقامی سطح پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس ریسکیو آپریشن میں عملے کے 60 اراکین کے علاوہ کتے بھی شامل تھے۔ جبکہ چار ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا۔

عینی شاہدین نے فرانس کے بلیو ریڈیو سٹیشن کو بتایا کہ یہ برفانی تودہ وہاں گرا جہاں سکینگ کی جاتی ہے۔

فرانس کے صدر نے ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔

لیس ڈیوس ایلپس میں مینیجر نے میڈیا کو بتایا کہ سیزن کے شروع میں چھٹیوں کے دوران تفریح کے لیے موجود برفانی ڈھلان کو بند کیا گیا تھا کیونکہ اس وقت برف بہت کم تھی۔

مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں شدید برفباری کےبعد انھوں نے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

اے ایف پی کے مطابق نئے سال کے آغاز کے بعد سے اب تک چار غیر ملکی برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں