پاک قرار دیے جانے کے دو گھنٹوں بعد سیرا لیون میں ایبولا کا نیا کیس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 2013 میں ایبولا وائرس پھیلنے کے بعد سے سیرا لیون میں چار ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس پورے خطے میں اس وبا سےتقریبا 11000 لوگ ہلاک ہوئے

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کی جانب سے مغربی افریقہ کو ایبولا کے وائرس سے آزاد قرار دیے جانے کے محض چند گھنٹوں بعد ہی سیرا لیون میں ایبولا وبا سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

سیرا لیون کو توگذشتہ سات نومبر کو ہی ایبولا سے آزاد قرار دیا گیا تھا لیکن جمعرات کو لائیبیریا کو بھی ایبولا وائرس سے آزاد قررار دیتے ہوئے اس پورے خطے کو ہی اس وبا سے پاک قرار دیا گیا تھا۔

لیکن سیرا لیون میں محمکہ صحت سے وابستہ ایک اہل کار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ شمالی سیرا لیون میں جس لڑکے کی موت واقع ہوئی تھی اس کے دو ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ اس کی موت ایبولا وائرس کی وجہ سے ہوئی۔

ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا اس لڑکے کی موت کب ہوئی تھی۔

محکمہ صحت کے ترجمان سیڈی یحی تونس نے بی بی سی کو بتایا کہ لڑکے کی موت شمالی ضلع ٹون کولی میں ہوئی تھی اور اس کی جانج ایک برطانوی ماہر صحت نے کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایبولا پر نظر رکھنے والے ماہرین نے گذشتہ برس بتایا تھا کہ ایبولا وائرس اپنا حلیہ تبدیل کر رہا ہے اور یہ نئی شکل میں ابھر سکتا ہے

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے جمعرات کو اس علاقے کو ایبولا سے آزاد قراد دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ علاقے میں اب بھی چھوٹے پیمانے پر اس وبا کے ابھرنے کا خدشہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت اسی وقت کسی ملک کو ایبولا سے آزاد قراد دیتا ہے جب 42 روز تک اس وبا سے کوئی انسان متاثر نہیں ہوتا اور کوئی نیا کیس سامنے نہیں آتاہے۔

دسمبر 2013 میں ایبولا وائرس پھیلنے کے بعد سے سیرا لیون میں چار ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس پورے خطے میں اس وبا سےتقریبا 11000 لوگ ہلاک ہوئے۔

اس سے زیادہ تر اموات مغربی افریقہ کے لائبیریا، گنی اور سیرا لیون جیسے ممالک میں ہوئیں۔

سنہ 2015 کے جون میں بھی افریقی ملک لائبیریا کو ایبولا سے آزاد قرار دیے جانے کے چھ ہفتے بعد وہاں 17 سال کے ایک نوجوان کی ایبولا وائرس سے موت ہوئی تھی۔

ایبولا پر نظر رکھنے والے ماہرین نے گذشتہ برس بتایا تھا کہ ایبولا وائرس اپنا حلیہ تبدیل کر رہا ہے اور یہ نئی شکل میں ابھر سکتا ہے۔

اسی بارے میں